تم ہی سے اے مجاہدو جہاں کا ثبات ہے

Pak Army

Pak Army

تحریر: نسیم الحق زاہدی
کسی بھی عمارت کی مضبوطی کی وجہ اس کی بنیادیں اور کسی بھی ریاست کی طاقت اس کی افواج ہوتی ہے۔ میرا دل یہ چاہتا ہے کہ میں اسلام اور پاکستان کے ان گمنام سپاہیوں کو سلام پیش کروں کہ جنہوں نے اپنی جانوں کے نذرانے دے کر اپنے پاک لہو سے اس پاکستان کی بنیاد رکھی پاکستان کو تعمیر کیا دل چاہتا ہے کہ اس مقدس خاکی وردی پر جمی ہوئی دھول کو اپنی آنکھوں کے لئے سرمہ بنائوں تاکہ میری آنکھیں دوست ، دشمن کو پہچان سکیں اور ان جوتوں پر پڑی ہوئی مٹی اور جمے ہوئے کیچڑ کو اپنے چہرے پر لگائوں تاکہ میرا چہرا غیرت ایمانی اور جذبہ حب الوطنی کی حرارت سے دہک اٹھے اور چیخ چیخ کر کہوں تم ہی سے اے مجاہدو جہاں کا ثبات ہے تم ہو اس وطن عظیم کے اصل محافظ جو قوم کی مائوں، بہنوں اور بیٹیوں کی عفت و عصمت کی حفاظت کے لئے آتش نمرود میں بھی کود جاتے ہو سمندروں کا سینہ چیر کر ستاروں کو اپنی گزرگاہ بناکر ان سنگلاخ چٹانوں کو اپنے پائوں کے نیچے روندتے ہوئے تاریک پہاڑوں کی جان لیوا غاروں کے اندر گھس جاتے ہو جہاں دنیا کے فاتحین کے بھی سانس رک جاتے ہیں ان عظیم لختائے اسلام کو کیسے نذرانہ عقیدت پیش کیا جائے جو اپنے ماں، باپ ، بہن بھائیوں، بیوی بچوں سے دور تپتے ہوئے صحرائوں کے اندر جسم کو جھلسادینے والی گرمی اور برف کے پہاڑوں میں رگوں میں جمادینے والی سردی کے اندر اسلام اور وطن پاک کی حفاظت کا علم بلند کئے ہوئے ہے جن کا بستر کانٹے دار جھاڑیاں اور چھت کھلا آسمان ہے۔

جن کا مقصد حیات صرف اور صرف دفاع وطن و اسلام ہے جو وطن پر قربان ہونا اپنے لئے باعث سعادت سمجھتے ہیں جن کو ACگاڑیوں، بڑے محلات اور انواع اقسام کھانوں سے غرض نہیں کیونکہ یہ وہ عظیم لوگ ہیں جو پیٹوں پر پتھر باندھ کر گھاس اور پتے کھاکر بھی خوش ہیں یہ ہیں میرے وطن کے اصل ہیرو۔ اب اندازہ ہوتا ہے کہ اللہ تعالیٰ نے شہید کو اتنا مقام کیوں دیا اللہ تعالیٰ قرآن پاک میں ارشاد فرماتے ہیں کہ ”تم شہداء کو مردہ مت کہو وہ زندہ ہیں مگر تم شعور نہیں رکھتے”دوسرے مقام پر اللہ تعالیٰ ارشاد فرماتے ہیں ”اور جو میری راہ میں قتل کردئیے گئے شہید ہوگئے وہ زندہ ہیں اور ان کو رزق دیا جاتا ہے” موجودہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے ملکی ملی سا لمیت اور دہشت گردی کے خاتمے کے لئے جو اہم ترین تاریخ رقم کی ہے اسے کسی بھی صورت میں فراموش نہیں کیا جاسکتا ہے مگر افسوس ہوتا ہے کہ جب چند پڑھے لکھے جاہل دانشور جو ہمیشہ سے پاک فوج پر انگلیاں اٹھاتے آرہے ہیں اور جن کی زندگیوں کا مقصد ہی شاید محسنوں کی قربانیوں کو بھلا کر اغیار کے آراگ آلاپنا ہیں پتہ نہیں وہ کس جمہوریت کی بات کرتے ہیں۔

Operations Zarb E Azb

Operations Zarb E Azb

کونسا خواب دکھاکر عوام میں فوج کے خلاف زہر بھرتے ہیں جس میں ظلم، جبر، افلاس کے سوا کچھ بھی نہیں یہ حقیقت ہے کہ فوج کا کام ملکی سرحدوں کی حفاظت کرنا ہوتی ہے ملکی نظام کو چلانا نہیں مگر ملک قائم بھی تو انہی ستونوں کی وجہ سے ہے یہ ایک طویل اور الگ موضوع ہے آپریشن ضرب عضب نے دہشت گردوں کے پائوں اکھاڑ دئیے ہیں اور ان کو اپنی بلوں سے نکلنے سے مجبور کردیا ہے دشمن بے پردہ ہوچکے ہیں سلام ہے ان جری دلیروں بہادر شیروں کو جنہوں نے اب تک ضرب عضب میں اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرکے ہمارے کل پر اپنا آج قربان کردیا ہے آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے بالکل سچ کہا ہے کہ آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جنگ جاری رہے گی اور انہوں نے اپنے وعدے کی پاسداری کرتے ہوئے اپنی عملی حکمت اور کردار سے یہ ثابت کردیا ہے کہ وہ سلطان محمد فاتح کا ارادہ اور محمد بن قاسم جیسا جذبہ رکھتے ہیں جو ظلم اور کفر کے قصرات کو اپنے پائوں کے نیچے روندنا جانتے ہیں۔

جنرل راحیل شریف کے حالیہ بیان نے کہ ملک دشمن عناصر کو باہر نکال پھینکیں گے اور دشمن کے ناپاک عزائم کو مل کر ناکام بنائیں گے دہشت گردوں اور دہشت گردی کروانے والی طاغوتی طاقتوں کے اندر کھلبلی مچادی ہے حق تو یہ ہے کہ ہر اہل قلم کا قلم مقروض ہونا چاہئے ان اسلام کے سپاہیوں اور ان شہیدوں اور ان غازیوں کا کہ جنہوں نے اپنی جانیں قربان کردی ہیں مگر وطن عزیز پر آنچ تک نہیں آنے دی جنہوں نے ہمیشہ دشمن کو شکست فاش سے دوچار کیا 1965اور 1971 ء کی جنگوں کے بارے میں تقریباً سب کو علم ہے کہ ان راہ حق کے شہیدوں نے کس طرح دشمن کے پائوں اکھاڑے بھوک، پیاس برداشت کی مگر سرزمین پاک پر دشمن کے ناپاک قدم نہیں پڑنے دئیے اس لئے کیونکہ وہ جذبات غزوہ بدر تھے۔

General Raheel Sharif

General Raheel Sharif

آج بھی وہی جذبات ہیں عالم کفر کی تمام افواج مل کر میرے ایک خیبر شکن کا مقابلہ نہیں کرسکتی آج جنرل راحیل شریف نے فضائے بدر کو پیدا کردیا ہے تبھی تو آج قوم کا بچہ بچہ پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑا ہے عام عوام میں سے ہوں اس لئے عام عوام کی ایک ہی آواز ہے کہ راحیل شریف آپ نے دہشت گردی کے خاتمے کے لئے قدم بڑھایا ہے ہم آپ کے ساتھ ہیں ضرب عضب کی کامیابی کی بڑی وجہ یہ بھی ہے کہ یہ آپریشن محسن کائنات حضرت محمدۖ کی تلوار عضب سے منسوب ہے اور اللہ تعالیٰ قرآن پاک میں فرماتے ہیں کہ میں اپنے بندوں کو جو میری راہ میں نکل پڑتے ہیں ان کو کبھی بے یارومددگار نہیں چھوڑتا یہ حقیقت ہے کہ سالار پاکستان جنرل راحیل شریف کودہشت گردی اور ظلم کے خلاف اللہ تعالیٰ نے کمزوروں کا مدد گار بناکر بھیجا ہے۔

سورة النسائ75 میں اللہ تعالیٰ ارشاد فرماتے ہیں اور اے مسلمانوں تمہارے پاس کیا جواب ہے کہ اللہ راستے میں ان بے بس مردوں، عورتوں اور بچوں کی خاطر نہ لڑو جو یہ دعا کرتے ہیں کہ اے پروردگار ہمیں اس بستی سے نکال لائیے جس کے باشندے ظلم توڑ رہے ہیں اور ہمارے لئے اپنی طرف سے کوئی حامی پیدا کردیجئے اور ہمارے لئے اپنی طرف سے کوئی مددگار کھڑا کردیجئے انشاء اللہ وقت قریب ہے کہ جب اس ملک میں ایک بھی دہشت گردنہیں بچے گا میں سلام پیش کرتا ہوں پاکستان کے گمنام سپاہیوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں ان مجاہدوں کو جو جہاں کا ثبات ہیں۔

Naseem-ul-Haq-Zahidi

Naseem-ul-Haq-Zahidi

تحریر: نسیم الحق زاہدی