اسلام آباد (جیوڈیسک) مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ عبدالقادر ملا کو پاکستان کی حمایت پر سزا دی گئی۔ بنگلہ دیش میں امن کیلیے ضروری ہے کہ چالیس سال پرانے گڑے مردے نہ اکھاڑے جائیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مشیر خارجہ نے کہا کہ بنگلہ دیشی حکومت نیلسن منڈیلا کے مفاہمتی فارمولے پر عمل کرے۔ بنگلہ دیش میں ٹربیونل کے قیام پر عالمی اداروں کے اعتراضات تھے، پاکستان کو بھی اس حوالے سے تشویش ہے۔
سرتاج عزیز نے کہا کہ دوست ملک کی حیثیت سے خواہش ہے کہ بنگلہ دیش میں امن و مفاہمت ہو۔ انہوں نے کہا کہ کسی ہمسائیہ ملک کے افغانستان کے ساتھ فوجی و معاشی تعاون پر پاکستان کو کوئی اعتراض نہیں، پاکستان چاہتا ہے کہ بھارت اور ایران افغانستان میں کسی مخصوص گروپ کی حمایت نہ کریں۔