پشاور (جیوڈیسک) گورنر خیبر پختونخوا سردار مہتاب عباسی کا کہنا ہے کہ ان کے پاس کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے سربراہ ملا فضل اللہ کی ہلاکت کی کوئی اطلاعات نہیں اس لئے تصدیق یا تردید نہیں کرسکتا۔
سردار مہتاب عباسی کا کہنا تھا کہ وادی تیراہ میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاعات ہیں تاہم پاک فوج کی کارروائی میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے سربراہ ملا فضل اللہ کی ہلاکت کے حوالے سے کسی قسم کی اطلاعات نہیں ہیں۔
اس حوالے سے آئندہ ایک دو روز میں صورت حال واضح ہو جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ نیشنل ایکشن پلان کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں اور دہشت گردوں کے خلاف سیکیورٹی ادارے بلا تفریق کارروائیاں کر رہے ہیں۔
وفاقی حکومت اور پاکستان تحریک انصاف کے درمیان جوڈیشل کمیشن کے قیام کے حوالے سے گورنر خیبر پختونخوا کا کہنا تھا کہ جوڈیشل کمیشن کا فیصلہ سب کے لیے قابل قبول ہونا چاہیے۔
امید ہے کہ معاہدے کے سیاست پر مثبت اثرات سامنے آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ماضی کی طرف نہیں مستقبل کی طرف دیکھنا ہے اور سب نے مل کر ملک کو خوشحال اور ترقی یافتہ بنانا ہے۔