اسلام آباد (جیوڈیسک) ترجمان دفتر خارجہ قاضی خلیل اللہ کا کہنا ہے کہ ملا عمر کی ہلاکت کے حوالے سے مختلف افواہیں زیر گردش ہیں لیکن خبر کی تحقیق کے بغیر تصدیق یا تردید نہیں کر سکتے۔
صحافیوں کو ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ قاضی خلیل اللہ کا کہنا تھا کہ پاکستان اور افغانستان برادر پڑوسی ملک ہیں، افغانستان میں امن مذاکرات کی حمایت جاری رکھیں گے اور خواہش ہے کہ افغانستان میں امن قائم ہو۔
ان کا کہنا تھا کہ طالبان کے امیر ملا عمر کی ہلاکت سے متعلق پہلے بھی افواہیں گردش کرتی رہی ہیں، ملا عمر کی ہلاکت سے متعلق افواہوں کا جائرہ لے رہے ہیں، جیسے ہی تصدیق ہوئی تو میڈیا کو آگاہ کردیں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارتی صوبے پنجاب کے شہر گورداسپور پولیس اسٹیشن پر حملے کی بھرپور مذمت کرتے ہیں، پاکستان خود بھی دہشت گردی کا شکار ہے، گورداسپور واقعہ کے بعد پاکستانی ہائی کمشنر نے بھارتی پنجاب کو دورہ منسوخ کردیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت کی جانب سے ورکنگ باؤنڈری پر معاہدوں کی خلاف ورزی پر تشویش ہے اور پاکستان اپنے قومی مفاد میں تمام تر اقدامات اٹھائے گا۔