پشاور (جیوڈیسک) سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین حامد رضا اور حاجی حنیف سمیت علماء نے مشترکہ بیان میں ملا عمر سے دہشتگردی رکوانے کیلئے اثرورسوخ استعمال کرنے کی اپیل کی ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ملا عمر پاکستانی طالبان کو اسلامی ریاست کا اسلامی آئین تسلیم کرنے پر آمادہ کریں تاکہ پاکستان کو کمزور کرنے کی امریکی سازش کو ناکام بنایا جا سکے اور پاکستان کے شہری سکھ کا سانس لیں۔ علماء کا کہنا تھا کہ پاکستان نے ہر مشکل مرحلے میں افغانستان کا ساتھ دیا ہے۔
طالبان کی حکومت کو بھی صرف اسلام آباد نے ہی تسلیم کیا تھا۔ اب پاکستان میں قیام امن کی اپیل ملا عمر کا فرض ہے لہذا وہ پاکستانی طالبان کو ہتھیار پھینک کر امن کا راستہ اختیار کرنے پر مجبور کریں۔
اپیل میں کہا گیا کہ پاکستانی طالبان کی خونیں کاروائیوں کی وجہ سے اسلام بدنام، پاکستان کمزور اور ہزاروں خاندان تباہ ہو چکے ہیں۔ پاکستانی طالبان کا طرز عمل اسلامی جہاد کے اصولوں اور شرائط کے بھی منافی ہے۔