ملتان: 5 روز قبل اغوا ہونے والا نومولود بازیاب، 2 خواتین گرفتار

Multan

Multan

ملتان (جیوڈیسک) ملتان کے علاقے حسن آباد کے نجی اسپتال سے 5 روز قبل اغوا ہونے والے نومولود کو بازیاب کرکے 2 خواتین کو گرفتار کرلیا گیا۔ پولیس کے مطابق حسن آباد کے نجی اسپتال سے 5 روز قبل راشدہ نامی خاتون کے نومولود بچے کو اغوا کرلیا گیا تھا۔

اغوا کا مقدمہ تھانہ نیو ملتان میں نامعلوم اغواکاروں کے خلاف درج کیا گیا۔ تفتیش کے بعد پولیس نے علاقے کی ہی ایک خاتون بانو بی بی کے گھر پر چھاپہ مارکر نومولود بازیاب کرالیا جبکہ ملزمہ اور اغوا میں ساتھ دینے والی عریقہ بی بی کو گرفتار کرلیا گیا۔

ملزمہ بانو کا کہنا تھا کہ وہ بے اولاد تھی اور اسے ڈر تھا کہ بے اولاد ہونے پر کہیں اس کا شوہر اسے طلاق نہ دے دے۔