ملتان (جیوڈیسک) ملتان میں تین سالہ بچی کو اغوا کرنیوالی خاتون رنگے ہاتھوں پکڑی گئی ۔ خاتون نے 5 بچے مختلف مقامات پر ایک ہزار روپے فی بچہ فروخت کرنے کا بھی انکشاف کیاہے ۔
ملتان کے علاقے حرم گیٹ سے تین سالہ عائشہ کی گمشدگی کی اطلاع ملنے پر پولیس نے علاقے کی ناکہ بندی کر دی۔پولیس کا کہنا ہے کہ ناکے کے دوران تانگے پر سوار مشکوک خاتون کی تلاشی لی گئی تو اس کے پاس سے مغوی معصوم بچی بھی ملی۔
مظفر گڑھ کی رہائشی خاتون سے تفتیش کی گئی تو اس نے بچی کو اغوا کرنے کا اعتراف کرلیا۔ یہی نہیں بلکہ اس نے پہلے بھی 5 بچے مظفر گڑھ اور ملتان کے علاقوں سے اغوا کرکے فی بچہ ایک ہزار روپے میں فروخت کرنے کا بھیانک انکشاف کیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ اغوا کار خاتون کا ایک ساتھی سلیم بلوچ بھی بچیوں کواغوا کرنے کا گھناونا کام کرتا ہے۔ ملزمہ کی نشان دہی پر فروخت کی گئی بچیوں کی بازیابی اور ملزم سلیم بلوچ کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپوں کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے۔