ملتان (جیوڈیسک) گزشتہ روز ملتان میں خاندانی رنجش کے نتیجے میں قتل ہونے والی دونوں بہنوں کی ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق ان کی موت گلہ دبانے سے واقع ہوئی ہے جبکہ لاپتہ تیسری بہن کی تلاش جاری ہے۔
ملتان کی شجاع آباد کینال سے گزشتہ روز 9 سالہ شہر بانو اور 7 سالہ زہرہ کی لاشیں ملی تھیں دونوں بچیوں کے پوسٹ مارٹم کے بعد ان کی تدفین کر دی گئی ہے۔ ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں دونوں بچیوں کے جسم پر تشدد کے نشانات ثابت ہوئے ہیں پولیس کے مطابق بچیوں کی موت گلہ دبانے سے ہوئی ہے۔
جبکہ تیسری بچی 5 سالہ شاہدہ اب تک لاپتہ ہے۔ لاپتہ بچی کی تلاش بھی شجاع آباد کینال میں اس کے لواحقین اپنی مدد آپ کے تحت کر رہے ہیں۔ پولیس نے ملزمہ نسرین اور مظہر کو گرفتار کر لیا ہے۔
پولیس کے مطابق ملزمہ نسرین بچیوں کی سابقہ چچی تھی جسے اس بات کا رنج تھا کہ اسے اس کے شوہر نے طلاق کے بعد اس کی بیٹیاں اپنے پاس رکھ لی تھیں تاہم اب تک نسرین نے جرم کا اعتراف نہیں کیا۔ تینوں بچیاں ملتان کے علاقہ عنایت پور مہوٹہ کی رہائشی تھیں جو بستی کھوکھراں میں اپنے رشتہ داروں کی شادی سے جمعہ کے روز اغوا ہوئیں تھیں۔