ملتان (جیوڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کا ملتان میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ جو لوگ اپنے حقوق کیلئے کھڑے نہیں ہوتے، انھیں کبھی حق نہیں مل سکتا۔
1970ء سے صرف دو پارٹیاں باری لے رہی ہیں۔ قوم غریب ہو رہی ہے اور باریاں لینے والے امیر سے امیر تر ہو رہے ہیں۔ اب باریاں لینے والوں کے بچے اب میدان میں آنے کو تیار ہیں۔ ایک طرف نیا پاکستان جبکہ دوسری جانب باریاں لینے والے لوگ ہیں۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ میں صرف ایک ضمنی الیکشن کیلئے جلسہ کرنے نہیں آیا بلکہ ملتان کے عوام کو جگانے آیا ہوں۔ یہ دو نظریات اور دو سوچوں کا مقابلہ ہے۔ کیا حکمرانوں کے وعدوں کے باوجود ملک سے لوڈشیڈنگ کا خاتمہ ممکن ہو سکا ہے؟۔
عوام آج بھی کرپشن اور لوڈشیڈنگ کے عذاب کا سامنا کر رہے ہیں۔ ملتان کے شہری ضمنی انتخابات میں اپنے ووٹ سے ثابت کریں کہ وہ حکومت کی پالیسیوں کے خلاف ہیں۔ ملتان کے شہری حکومت کو بتا دیں کہ اس نے عوام سے کئے گئے اپنے وعدے پورے نہیں کئے۔ چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ موٹر ویز، انڈر پاسز، فلائی اوورز اور سڑکیں بنانے سے قومیں ترقی نہیں کر سکتیں۔
کیا پاکستان میں میڑو بسوں کی ضرورت تھی یا تعلیم اور صحت کی سہولیات کی؟۔ قوم اس وقت ترقی کرتی جب عوام اور تعلیم پر پیسہ خرچ کیا جائے۔ پاکستان کے ڈھائی کروڑ بچے سکول جانے سے محروم ہیں لیکن حکمران کبھی ایسا نہیں کریں گے کیونکہ میٹرو بس، انڈر پاسز اور سڑکیں بنانے سے ہی انھیں کمیشن ملتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے سب سے بڑے شہر میں کوئی میرٹ سسٹم نہیں ہے۔
کراچی میں پولیس کو سیاسی کر دیا گیا ہے۔ پنجاب پولیس بھی صرف شریفوں کی فورس بن چکی ہے۔ دوسری جانب خیبر پختونخوا کی پولیس ہماری پالیسیوں کی وجہ سے مثالی بن گئی ہے۔ خیبر پختونخوا میں پچھلے ایک سال میں 60 فیصد جرائم پر قابو پایا جا چکا ہے۔ وہاں عام عوام کو انصاف کی فراہمی ہو رہی ہے۔