ملتان (جیوڈیسک) ملتان کے مختلف علاقوں میں پولیو وائرس کی موجودگی کا انکشاف ہوا ہے۔ عالمی ا دارہ صحت نے بھی پولیو وائرس کی تصدیق کر دی۔
دنیا نیوز نے ملتان کے مختلف علاقوں سورج میانی،بھکر عاربی اور علی ٹاؤن کے واٹر ڈسپوزل میں پولیو وائرس کی موجودگی کا انکشاف کرتے ہوئے دو ماہ پہلے خبر نشر کی جس پر محکمہ صحت کے حکام نے نوٹس لینے کی بجائے معاملے کو دبانے کی کوشش کی۔
تاہم اب عالمی ادارہ صحت نے بھی مختلف علاقوں میں پولیو وائرس کی تصدیق کر دی ہے جس پر محکمہ صحت کے حکام کو بھی ملازمین کی غلطیوں کا اعتراف کرنا پڑ گیا ہے۔ شہر کے تین بڑے واٹر ڈسپوزل میں پولیو وائرس کی تصدیق ہونے پر علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ وائرس کی موجودگی ثابت ہونے کے باوجود ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کیجانب سے کسی بھی قسم کے حفاظتی اقدامات نہیں کئے جا رہے۔
محکمہ صحت کے حکام کی غفلت کے باعث ملتان کے مختلف علاقوں میں پانچ سال پہلے بھی چھے بچے پولیو کا شکار ہوئے لیکن پولیو وائرس کی دوبارہ تصدیق سے شہریوں میں خوف وہراس مزید پھیل گیا ہے۔