ملتان(جیوڈیسک) ملتان میں شک کی بناء پر شوہر نے فائرنگ کر کے بیوی اور سوتیلے بیٹے کو قتل کر دیا ، پولیس نے ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔ تھانہ مظفر آباد پولیس کے مطابق یہ واقعہ ملتان کی نواحی بستی ٹھٹھی لال میں پیش آیا جہاں شک کی بناء پر شوہر اعجاز نے فائرنگ کر کے اپنی بیوی صداں مائی اور بیوی کے بیٹے محمد طارق کو قتل کر دیا۔
جبکہ فائرنگ کے نتیجے میں بیوی کے ہی دو بیٹے رضوان ، سجاد اور ایک بیٹی نادیہ زخمی ہو گئی ، جنہیں نشتر اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ اسپتال ذرائع کے مطابق زخمی ہونے والے تینوں افراد کی حالت تشیویشناک ہے۔
دوسری جانب پولیس نے ملزم اعجاز کو گرفتار کر لیا ہے ۔ صداں مائی نے سابقہ شوہر احمد بخش کے انتقال کے بعد 9 سال قبل اعجاز سے دوسری شادی کی تھی اور اعجاز اکثر اپنی بیوی پر شک کیا کرتا تھا۔