ملتان (جیوڈیسک) ملتان کی تحصیل شجاع آباد میں با اثر زمیندار نے محنت کش خاتون کے ساتھ زیادتی کے نتیجہ میں پیدا ہونے والی نوزائیدہ بچی کو زندہ دفنانے کی کوشش اہل علاقہ نے ناکام بنا دی۔ پولیس نے با اثر ملزم کی بجائے متاثرہ لڑکی کو گرفتار کر کے اس کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔ یہ افسوسناک واقعہ شجاع آباد کے علاقہ کیچ پو میں پیش آیا جہاں 9 ماہ قبل مقامی زمیندار ملزم عبدالغفار نے کھیتوں میں کام کرنے والی نادیہ بی بی کو زیادتیکا نشانہ بنایا اور دھمکی دی کہ اگر اس نے کسی کو بتایا تو اس جان سے مار دے گا۔
زیادتی کے نتیجہ میں گزشتہ رات نادیہ بی بی نے ایک نوزائیدہ بچی کو جنم دیا جسے ملزم عبدالغفار نے زندہ دفن کرنے کی کوشش کی لیکن اہل علاقہ نے بچی کو گڑھے میں سے نکال کر ابتدائی طبی امداد دی تو دوسری جانب پولیس نے ملزم عبدالغفار کو گرفتار کرنے کی بجائے زیادتی کا شکار بننے والی نادیہ بی بی کو گرفتار کر کے اس کے خلاف ناجائز بچے کو جنم دینے کی دفعہ کے تحت مقدمہ درج کرلیا ہے۔
دوسری جانب زندہ بچ جانے والی بچی کو فوری طور پر ملتان کا ایک خاندان گود لے کر اپنے گھر لے گیا زیادتی کا نشانہ بننے والی لڑکی کی والدہ ستو مائی کا کہنا ہے کے اس نے اس واقعہ کے بعد علاقہ کے معززین کو بتایا تو انہوں نے بھی خاموش رہنے کا مشورہ دیا۔