ملتان، کراچی میں ٹریفک حادثات کے دوران 9 افراد جاں بحق، 44 زخمی ہو گئے

Multan

Multan

ملتان (جیوڈیسک) ملتان میں قلعہ سیف اللہ اور کراچی میں ٹریفک حادثات میں نو افراد جاں بحق اور چوالیس زخمی ہو گئے۔

قلعہ سیف اللہ کے قریب مانسہرہ سے کوئٹہ جانے والے مسافر بس تیز رفتاری کے باعث الٹ گئی جس سے پانچ افراد جاں بحق اور چالیس زخمی ہو گئے۔ زخمیوں میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں جنہیں فوری طور پر قلعہ سیف اللہ سول ہسپتال منتقل کر دیا گیا، حادثے کے بعد ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔ جاں بحق ہونے والوں میں سے محمد عمران اور غلام علی بھی شامل ہیں۔

ملتان میں پرانا شجاع آباد روڈ پر وین اور موٹرسائیکل کی ٹکر سے میاں بیوی، بیٹی سمیت جاں بحق ہو گئے۔ مظفر آباد کے سکول ہیڈ ماسٹر اختر اپنی اہلیہ حسینہ بی بی اور بیٹی فہمیدہ کے ساتھ قربانی کا جانور خریدنے موٹر سائیکل پر مویشی منڈی جا رہے تھے کہ وین نے ٹکر مار دی۔

جاں بحق افراد کے لواحقین نے سڑک بلاک کر کے احتجاج کیا، ادھر کراچی میں کار ساز روڈ پر تیز رفتار ٹرک نے کار کو ٹکر مار دی جس سے کارسوار عذیر جاں بحق ہو گیا جبکہ دیگر چار افراد زخمی ہو گئے۔