ملتان (جیوڈیسک) نشتر ہسپتال ملتان میں نرسنگ سٹاف کی جانب سے نرسنگ سپریٹنڈنٹ کے ناروا رویے کیخلاف احتجاج تیسرے روز بھی جاری ،نرسوں کا کہنا ہے کہ مطالبات تسلیم نہ ہوئے تو نشتر ہسپتال کی ایمرجنسی میں بھی کام بند کر دیا جائے گا۔ نشتر ہسپتال میں ایم ایس آفس کے سامنے نرسز کیجانب سے نرسنگ سپریٹنڈنٹ کے ناروا سلوک کیخلاف احتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔
نرسنگ سٹاف کا کہنا ہے کہ نرسنگ سپریٹنڈنٹ کوکب ناھید نے کئی نرسوں کی ہوسٹل میں الاٹمنٹ بھی منسوخ کر دی ہے جبکہ نرسنگ سٹاف کیساتھ ان کا رویہ بھی نامناسب ہے ۔نرسوں کا کہنا ہے کہ نرسنگ سپریٹنڈنٹ کیجانب سے انہیں احتجاج ختم کرنے کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔
تاہم جب تک نرسنگ سپریٹنڈنٹ کا نشتر ہسپتال سے تبادلہ نہیں کیا جاتا ان کا احتجاج جاری رہے گا۔مظاہرے میں شریک نرسز نے نرسنگ سپریٹنڈنٹ کیخلاف شدید نعرے بازی کرتے ہوئے دھرنا دیا اور وارڈز میں کام بند کر کے باہر نکل آئیں۔نرسز کا کہنا ہے کہ نرسنگ سپریٹنڈنٹ کا ٹرانسفر نہ کیا گیا تو نشتر ہسپتال کی ایمرجنسی میں بھی کام بند کر دیا جائے گا۔