ملتان میں تیل بنانے والی غیر قانونی فیکٹری پر چھاپہ

Multan

Multan

ملتان (جیوڈیسک) ملتان میں پولیس اور ضلعی انتظامیہ نے تیل بنانے والی غیر قانونی فیکٹری پر چھاپہ مار کر ڈھائی لاکھ لیٹر تیل اور 400 بوری کاربن برآمد کرکے فیکٹری کو سیل کر دیا بہاول پور روڈ پر واقع یہ وہ فیکٹری ہے کہ جہاں غیر قانونی طور پر پرانے ٹائروں کو پگھلا کر گاڑیوں کے انجن میں استعمال ہونے والا تیل اور کاربن حاصل کرکے مارکیٹ میں فروخت کر دیا جاتا تھا۔

اطلاع ملنے پر ملتان کی ضلعی انتظامیہ اور پولیس نے اس غیرقانونی فیکٹری پر چھاپہ مارا، چھاپے کے وقت فیکٹری مالک صہیب تو فرارہوگیا تاہم 5 ملازمین کو گرفتار کر لیا گیا، فیکٹری سے کاربن کی 400 بوریاں اور ڈھائی لاکھ لیٹر تیل بھی قبضہ میں لیا گیا، انتظامیہ کا کہنا ہے کہ فیکٹری کے پاس نہ تو اوگرا اور نا ہی محکمہ ماحولیات کا این او سی تھا، فیکٹری کا نقشہ بھی پاس نہیں کرایا گیا تھا۔

جس پر فیکٹری کو سیل کردیا گیا، ضلعی انتظامیہ کے مطابق فیکٹری میں ٹائر پگھلانے کی وجہ سے قریبی رہائشی علاقوں میں سانس کی بیماریاں پھیل رہی تھیں۔