ملتان: 31 پولنگ اسٹیشنز کے غیر حتمی غیر سرکاری نتائج

 Aamir Dogar, Javed Hashmi

Aamir Dogar, Javed Hashmi

ملتان (جیوڈیسک) 31 پولنگ اسٹیشنز کے غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق عامر ڈوگر کو 5 ہزار 786 جبکہ جاوید ہاشمی کو 3 ہزار 365 ووٹ ملے ہیں۔ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 149 میں ضمنی انتخاب کے لئے پولنگ کا عمل مکمل ہونے کے بعد ووٹوں کی گنتی جاری ہے۔

ملتان سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 149 میں پولنگ کا عمل صبح 8 بجے شروع ہوا جو بغیر کسی وقفے کے شام 5 بجے تک جاری رہا۔ حلقے کے 3 لاکھ 45 ہزار 998 رجسٹرڈ ووٹرز کے لئے 286 پولنگ اسٹیشنز قائم کئے گئے تھے۔

ضمنی انتخاب میں سینئر سیاستدان مخدوم جاوید ہاشمی، پیپلز پارٹی کے ڈاکٹر جاوید صدیقی اور عامر ڈوگر سمیت 12 امیدوار میدان میں ہیں تاہم اصل مقابلہ مسلم لیگ (ن) کے حمایت یافتہ مخدوم جاوید ہاشمی اور تحریک انصاف کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار عامر ڈوگر کے درمیان ہے۔

پولنگ کے دوران کئی مقامات پرعامر ڈوگر اور جاوید ہاشمی کے حامیوں میں تلخ کلامی بھی ہوئی اور ایک دوسرے پر دھاندلی کے الزامات بھی لگائے گئے، شمس آباد پولنگ اسٹیشن پر سیاسی کارکنوں کے درمیان تلخ کلامی کے باعث عارضی طور پرپولنگ کا عمل بھی رکا تاہم رینجرز نے موقع پر پہنچ کر صورت حال کو کنٹرول کرکے پولنگ دوبارہ شروع کرادی۔

پولنگ اسٹیشنز سے جاری ہونے والے غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق عامر ڈوگر کو جاوید ہاشمی پر معمولی برتری حاصل ہے تاہم اب تک درجنوں پولنگ اسٹیشنز میں ووٹوں کی گنتی جاری ہے۔

واضح رہے کہ 2013 کے عام انتخابات میں اس حلقے سے جاوید ہاشمی نے تحریک انصاف کے امیدوار کی حیثیت سے کامیابی حاصل کی تھی تاہم تحریک انصاف کی جانب سے استعفے جمع کرانے کے بعد ان کے پارٹی چیئرمین عمران خان سے اختلافات پیدا ہوگئے تھے جس کے بعد انہوں نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے دوران استعفے کا اعلان کر دیا تھا۔