ملتان (جیوڈیسک) ملتان میں پی ٹی آئی کارکنان نے جلسہ گاہ میں معمولی تلخ کلامی پر میڈیا کے نمائندوں پر دھاوا بول دیا، کرسیاں برسا کر نمائندوں کو تشدد کا نشانہ بنایا، ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی نے صحافیوں پر بلاجواز تشدد کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے جبکہ آئی جی پنجاب نے واقے کا نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کر لی ہے۔
تحریک انصاف نے حلقہ 196 کے ضمنی الیکشن کے حوالے سے اپنے امیدوار رانا عبدالجبار کے حق میں جلسہ کرنا ہے لیکن جلسہ شروع ہونے سے پہلے ہی مقامی قیادت نے میڈیا کے نمائندوں کے ساتھ غیر مہذب رویہ اختیار کرتے ہوئے غیر اخلاقی باتیں کیں ۔ اس موقع پر رکن قومی اسمبلی عامر ڈوگر نے جلتی پر تیل ڈالتے ہوئے میڈیا کے نمائندوں کو تشدد کا نشانہ بنانے پر اکسایا۔
تشدد سے میڈیا کے کئی نمائندے زخمی ہو گئے جس پر دھیما مزاج رکھنے والے خوش گفتار شاہ محمود قریشی نے اس طوفان بد تمیزی کا نوٹس لینے کے بجائے اپنے کارکنوں کو فون پر شاباش دی۔
تحریک انصاف کے اس دہرے معیار پر میڈیا کے نمائندوں نے عمران خان کی آمد پر دھرنا دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ صحافیوں کے ساتھ ہونے والی بدتمیزی کا آئی جی پنجاب نے نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کر لی ہے ادھر ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی نے صحافیوں پر بلاجواز تشدد کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔