ملتان (جیوڈیسک) شمس آباد میں خواتین پولنگ اسٹیشن پر پریزائیڈنگ آفیسر کے مبینہ طور جعلی ووٹ ڈالنے کے معاملے پر مسلم لیگ ن اور تحریک انصاف کے کارکنوں کی بڑی تعداد موقع پر پولنگ اسٹیشن پہنچ گئی۔
دونوں جماعتوں کے کارکن ڈنڈا بردار تھے اور آمنے سامنے آ گئے جس سے تصادم کا خدشہ پیدا ہو گیا۔ واقع کے بعد پولیس اور رینجرز کی بھی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی۔ حالات خراب ہونے پر پولنگ کا سلسلہ روک دیا گیا دونوں جماعتوں کے کارک ایک دوسرے کے خلاف شدید نعرے بازی کرتے رہے۔
اس موقع پر مسلم لیگ ن اور تحریک انصاف کی مقامی قیادت بھی موقع پر پہنچ گئی مسلم لیگ ن کے کارکنوں نے الزام عائد کیا کہ پولنگ اسٹیشن پر آزاد امیدوار عامر ڈوگر کے لیئے جعلی ووٹ ڈالے جا رہے ہیں جس میں پریزائیڈنگ آفیسر بھی ملوث ہے۔
رینجرز نے پہنچ کر دونوں جماعتوں کے کارکنوں میں بیچ بچاؤ کرایا اور معاملہ حل کرانے کی یقین دہانی کرائی جس پر پولنگ دوبارہ شروع کر دی گئی۔