کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) پاکستان سپرلیگ کے 8ویں میچ میں ملتان سلطانز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 20 رنز سے شکست دے کر مسلسل چوتھی فتح اپنے نام کرلی۔
کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں پی ایس ایل 7 کے آٹھویں میچ میں ملتان سلطانز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیمیں مدمقابل تھیں، لیگ میں ناقابل شکست رہنے والی ٹیم ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان آج بھی فتح کا عزم لیے میدان میں اترے اور اس مقصد میں کامیاب بھی ہوگئے۔
میچ سمری
اسلام آباد یونائیٹڈ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، جس پر ملتان سلطانز نے جب اننگز کا آغاز کیا تو اچھا نہ رہا البتہ ٹم ڈیوڈ اور رلی روسو نے جارحانہ بلی بازی کرتے ہوئے ٹیم کی پوزیشن کو مضبوط کیا اور مقررہ اوورز میں اسکور کو 217 تک پہنچایا۔
ہدف کے تعاقب میں اسلام آباد یونائیٹڈ کا آغاز بھی اچھا نہ تھا، ایک موقع پر شاداب الیون پر سلطانز کے بولرز حاوی نظر آئے مگر پھر کپتان شاداب خان نے کریز سنبھالی اور 42 گیندوں پر 9 چھکوں، پانچ چوکوں کی مدد سے 91 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر ٹیم کو ہدف کے قریب تک لے گئے۔
ایک طرف تو سلطانز کے بلے بازوں نے تباہی مچائی تو دوسری طرف بولنگ میں بھی رضوان الیون کا جادو سر چڑھ کر بولا، خوش دل شاہ نے چار اور ڈیوڈ ولی نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کر کے یونائیٹڈ کی فتح کو چھینا جبکہ انور علی اور رومان رئیس بھی ایک ایک وکٹ لے کر اڑے۔
ملتان سلطانز اننگز
ملتان سلطانز کی جانب سے بیٹنگ کا آغاز شان مسعود اور محمد رضوان نے کیا، سلطانز کے کپتان اس بار لمبی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے اور 30 کے مجموعی اسکور پر رن آؤٹ ہوکر پویلین روانہ ہوئے۔
صہیب مقصود آؤٹ ہونے والے دوسرے کھلاڑی تھے جو 13 کے انفرادی اور 65 کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹے، بعد ازاں 78 کے مجموعی اسکور پر شان مسعود 31 گیندوں پر 2 چھکوں اور پانچ چوکوں کی مدد سے 43 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
بعد ازاں ٹم ڈیوڈ اور روسو نے ٹیم کو سہارا دیا اور جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے اسکور کو 183 تک پہنچایا، اس دوران ٹم ڈیوڈ نے جارحانہ بلے بازی کرتے ہوئے 27 گیندوں پر 6 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 71 رنز اسکور کیے اور وہ پویلین لوٹ گئے۔
رلی روسو نے اس دوران جارحانہ بلے بازی کرتے ہوئے 35 گیندوں پر 6 چھکوں اور چار چوکوں کی مدد سے 67 رنز بنائے اور آخر تک کریز پر موجود رہے۔
ملتان سلطانز نے مقررہ اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 217 رنز بنائے، ٹم ڈیوڈ 71 اور روسو 67 کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے جبکہ اسلام آباد یونائیٹڈ کے حسن علی، محمد وسیم اور مرچنٹ ڈی لانگے ایک ایک وکٹ حاصل کرسکے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ اننگز
218 رنز ہدف کے تعاقب میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی بیٹنگ کا آغاز اچھا نہ رہا کیونکہ اسڑلنگ 22 کے مجموعی 19 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، پھر 57 کے مجموعی اسکور پر ایلکس ہلز بھی ولی کا ہی شکار بنے۔
اسلام آباد یونانئِتڈ کی تیسری وکٹ 81 اور چوتھی 82 رنز پر گری، رحمان اللہ گرباز 15 اور فہیم اشرف بغیر کوئی رن بنائے پویلین روانہ ہوئے، اعظم خان 12 کے انفرادی جبکہ 114 کے مجموعی اسکور پر پویلین روانہ ہوئے۔
اس کے بعد آصف علی 15 رنز بنا کر 138 کے مجموعی اسکور پر پویلین روانہ ہوئے، یوں یونائیٹڈ کو چھٹے نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔ دوسرے اینڈ پر کپتان شاداب خان نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 37 گیندوں پر 8 چھکوں اور تین چوکوں کی مدد سے 76 رنز بنا کر ٹیم کی پوزیشن مضبوط کرنے کی کوشش کی۔
اس دوران مبشر خان انور علی کا شکار بنے اور 176 کے مجموعی اسکور پر پویلین روانہ ہوئے، بعد ازاں 184 پر حسن علی اور 194 کے مجموعی اسکور پر شاداب خان 91 رنز بنا کر پویلین لوٹے، نئے آنے والے کھلاڑی مجموعی اسکور میں تین رنز اضافے کے بعد 197 پر پویلین لوٹ گئے۔
شاداب خان 91 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے، سلطانز کے خوش دل شاہ چار اور ڈیوڈ ولی نے تین کھلاڑیوں کو شکار بنایا، رومان رئیس اور انور علی کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔
اگر ملتان سلطانز کی بات کی جائے تو رضوان الیون نے اس سے پہلے لاہور قلندرز، کراچی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف میچز میں فتح حاصل کی جبکہ اسلام آباد یونائیٹڈ نے پہلے میچ میں پشاور زلمی کو شکست دی تھی۔
ملتان سلطانز نے آج کے میچ کے لیے دو تبدیلیاں کیں، شاہ نواز دھانی اور اسراراللہ کی جگہ رومان رئیس اور انور علی کو اسکواڈ کا حصہ بنایا ہے جبکہ اسلام آباد یونائیٹڈ نے کوئی بھی تبدیلی نہیں کی۔
اسلام آباد یونائیٹڈ اسکواڈ
پاول اسٹرلنگ، ایلکس ہیلز، رحمان اللہ گرباز، مبشر خان، شاداب خان (کپتان)، اعظم خان، آصف علی (نائب کپتان)، فہیم اشرف، محمد وسیم، حسن علی اور مرچنٹ ڈی لانگے
ملتان سلطانز اسکواڈ
محمد رضوان (کپتان)، شان مسعود، صہیب مقصود، رائلی روسو، خوش دل شاہ، ٹم ڈیوڈ، ڈیوڈ ولی، عباس آفریدی، عمران طاہر، عمران خان سینئر، انور علی اور رومان رئیس