ملتان میں ضمنی انتخاب جمعرات کو ہوگا

Election

Election

ملتان (جیوڈیسک) ملتان میں قومی اسمبلی کے حلقہ 149 میں 16 اکتوبر کو ہونے والے ضمنی انتخاب کے لئے پولنگ اسکیم کو حتمی شکل دے دی گئی ہے، 15 اکتوبر کو انتخابی سامان پولنگ عملہ میں تقسیم کیا جائے گا۔

سینئر سیاست دان جاوید ہاشمی کے استعفے کے بعد خالی ہونے والی قومی اسمبلی کی نشست 149 ملتان ٹو میں کل ووٹرز کی تعداد 3 لاکھ 46 ہزار 9 سو 24 ہے جن میں مرد ووٹرز 1 لاکھ 85 ہزار 8 سو 62 جبکہ خواتین ووٹرز کی تعداد 1 لاکھ 61 ہزار 62 ہے۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے 16 اکتوبر کو ہونے والے اس انتخاب کے لئے پولنگ اسکیم کو حتمی شکل دے دی ہے۔ حلقہ این۔ اے 149 مکمل طور پر شہری آبادی پر مشتمل ہے۔ حلقہ میں 286 پولنگ اسٹیشنز میں سے 144 مردوں اور 142۔ خواتین کے لئے بنائے گئے ہیں۔

جبکہ پولنگ بوتھ کی تعداد 774 ہے جن میں خواتین کے لئے 361 اور مردوں کے لئے 314 پولنگ بوتھ بنائے گئے ہیں۔ ضمنی انتخاب میں 18 امیدوار میدان میں ہیں جن میں 17 آزاد جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی کی ٹکٹ پر ڈاکٹر جاوید صدیقی حصہ لے رہے ہیں تاہم سینئر سیاست دان جاوید ہاشمی کو مسلم لیگ نواز اور ملک عامر ڈوگر کو پاکستان تحریک انصاف کی حمایت حاصل ہے۔