ملتان : ٹرانسپورٹرز نے کرایوں میں اضافہ کر دیا

Multan

Multan

ملتان (جیوڈیسک) ٹرانسپورٹرز نے کرایوں میں خودساختہ اضافہ کر دیا۔ مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ ادھر ملتان میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر رکشہ یونین نے شدید احتجاج کیا۔ ملتان میں ٹرانسپورٹرز نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد کرایوں میں دس سے پندرہ فیصد خودساختہ اضافہ کر دیا۔

جس کی وجہ سے بس اسٹینٹڈز پر مسافروں اور ٹرانسپورٹرز کے درمیان تلخ کلامی بھی ہوئی۔ ٹرانسپورٹرز کا کہنا ہے کہ کرایوں میں اضافے کی ذمہ دار حکومت ہے۔ عوام نے ٹرانسپورٹر کی جانب سے خودساختہ اضافے کو مسترد کرتے ہوئے اسے انتظامیہ کی نااہلی قرار دیا ہے۔ بلوچستان میں بھی ٹرانسپورٹرز نے پٹرول مہنگا ہونے کی وجہ سے کرایوں میں اضافہ کر دیا ہے۔

کوئٹہ سمیت صوبے بھر میں آٹے، دالیں اور سبزیوں کی قیمتیں بھی بڑھا دی گئی ہیں۔ تاجر برادری نے مطالبہ کیا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات میں اضافے کا فیصلہ فوری طور پر واپس لیا جائے۔ ملتان میں رکشہ ڈرائیوروں کی بڑی تعداد نے مظاہرے میں شرکت کی۔ مظاہرین نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر حکومت کے خلاف نعرے درج تھے۔ شرکا نے ٹی چوک میں دھرنا بھی دیا۔ مظاہرین نے پٹرولیم مصنوعات میں اضافے کا فیصلہ فوری واپس لینے کا مطالبہ کیا۔