پشاور (جیوڈیسک) پاکستان کے قبائلی علاقے شمالی وزیرستان میں جاری فوجی آپریشن ضربِ عضب میں آج منگل کو پاک فوج کی کارروائی میں تیس مشتبہ شدت پسند ہلاک ہوگئے ہیں۔
پاکستانی فوج کے شعبہِ تعلقاتِ عامہ یعنی آئی ایس پی آر نے اس کارروائی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ جیٹ طیاروں نے شدت پسندوں کے تقریباً 6 مشتبہ ٹھکانوں کو تباہ کر دیا ہے۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ کارروائی کے دوران بڑی تعداد میں گولہ بارود اور بارودی سرنگیں بھی تباہ کی گئی ہیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز بھی پاک فوج نے کارروائی کرتے ہوئے7 مبینہ ازبک شدت پسندوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔ ترجمان آئی ایس پی آر کے مطابق اس کارروائی میں بھی سرچ آپریشن کے دوران میر علی کے قریب شہباز خیل کے علاقوں سے 75 راکٹ، بڑی تعداد میں بارودی سرنگیں اور خودکش جیکٹیں برآمد ہوئی تھیں۔