ممبئی (جیوڈیسک) بھارت کی مہا نگری کہے جانے والے شہر ممبئی کا ہر باسی اپنی رہائش کا خواب دیکھتا ہے اور اس کے لئے وہ اپنا سب کچھ قربان کرنے کے لئے بھی تیار ہوجاتا ہے۔ ایک مشہور ٹی وی اداکارہ کے ساتھ بھی ایسا ہی ہوا جو اپنے خواب کی تکمیل کے لئے جعلی عامل کے ہھے چڑھ کر لاکھوں روپے اور آبرو گنوا بیٹھی۔
ریاست مہاراشٹر کی حکومت نے ایک اسکیم شروع کررکھی ہے جس میں قرعہ اندازی کے ذریعے آسان اقساط پر لوگوں کو ذاتی ملکیت کے رہائشی فلیٹ دیتے جاتے ہیں۔ اس اسکیم کے ذریعے فلیٹ کا حصول اس شہر میں رہنے والے ہر شخص کی خواہش ہے جن میں ایک معروف ٹی وی اداکارہ بھی شامل ہے جو گزشتہ کئی برسوں سے درخواستیں جمع کرارہی تھیں لیکن قسمت کی دیوی روٹھی رہی۔
کئی مرتبہ کی کوششوں میں ناکامی کے بعد ٹی وی اداکارہ نے بھگوان داس نامی 60 سالہ ہندو عامل سے رجوع کیا جس نے اسے بتایا کہ اس پر شیطانی قوتوں کے اثرات ہیں جسے دور کرنے کے لئے اسے مختلف عمل کرنے ہوں گے۔ اداکارہ نے اپنے اوپر سے شیطانی اثرات کے خاتمے کے لئے بھگوان داس کو 70 ہزار روپے دیئے۔ کچھ روز بعد بھگوان داس نے اسے بتایا کہ اس نے اپنا کام کردیا ہے اب باقی کام اس کا ایک اور ساتھی کرے گا جس نے بھگوان داس کے ساتھ مل کر مختلف اوقات میں اسے اپنی ہوس کا نشانہ بنانے کے ساتھ اس سے 25 لاکھ روپے بھی اینٹھ لئے۔
ایک سال تک معاملہ یوں ہی چلتا رہا جس کے بعد کہیں جاکر اس اداکارہ کو احساس ہوا کہ اس کے ساتھ ہی ڈرامہ ہو گیا ہے جس میں وہ اپنے پیسے اورعزت دونوں ہی گنوا بیٹھی ہے۔ جس کے بعد اس نے متعلقہ پولیس اسٹیشن میں جلعسازی اور عصمت دری کی رپورٹ درج کرائی۔ پولیس نے عامل کے ساتھ کو تو حراست یں لے لیا تاہم بھگوان داس اب بھی مفرور ہے۔