نئی دلی (جیوڈیسک) بھارتی سپریم کورٹ نے ممبئی دھماکوں کے الزام میں گرفتار یعقوب میمن کی نظر ثانی کی اپیل مسترد کرتے ہوئے ان کی سزائے موت کا فیصلہ برقرار رکھا ہے۔
غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق بھارتی سپریم کورٹ نے بمبئی دھماکوں کے الزام میں گرفتار یعقوب میمن کی سزا کے خلاف نظر ثانی کی آخری اپیل بھی مسترد کرتے ہوئے سزائے موت کا فیصلہ برقراررکھا ہے جس کے بعد اس بات کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ یعقوب میمن کو 30 جولائی کو پھانسی دی جاسکتی ہے۔
سزائے موت پانے والے یعقوب میمن ان 11 افراد میں سے ایک ہیں جنہیں 1993 کے ممبئی دھماکوں کے الزام میں موت کی سزا سنائی گئی تھی تاہم ان کی نظر ثانی کی اپیل کی وجہ سے سزا پر عمل درآمد نہیں ہوسکا تھا۔
بھارتی سپریم کورٹ کے فیصلے پر تنقید کرتے ہوئے بھارتی ایمنسٹی کا کہنا تھا کہ موت کی سزا کا فیصلہ افسوس ناک اور مایوس کن ہے اوراس سے دنیا بھر میں موت کی سزا کے خلاف چلائی جانے والی مہم کو نقصان پہنچے گا۔
واضح رہے کہ یعقوب میمن پر 1993 میں ممبئی میں ممبئی اسٹاک ایکس چینج، ایئر انڈیا کے دفاتر اور فائیو اسٹار ہوٹل کو بم سے اڑنے کی منصوبہ بندی کرنے کا الزام ہے۔