ممبئی (جیوڈیسک) بالی ووڈ سپر اسٹار سلمان خان کو ممبئی ہائیکورٹ نے “ہٹ اینڈ رن” کیس میں بری کردیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ممبئی ہائی کورٹ نے سلمان خان کو ہٹ اینڈ رن کیس میں تمام الزامات سے بری کرتے ہوئے ٹرائل کورٹ کی جانب سے دی گئی 5 سال قید کی سزا بھی کالعدم قراردے دی۔ عدالت نے پولیس کی جانب سے کی گئی تحقیقات پرشدید تحفظات کا اظہارکرتے ہوئے اپنے فیصلے میں قراردیا کہ استغاثہ یہ ثابت کرنے میں ناکام رہا کہ دوران ڈرائیونگ سلمان خان نشے کی حالت میں تھے جب کہ عینی شاہدین کے بیانات ریکارڈ پر ہی نہیں لائے گئے۔
عدالت نے گواہوں کی عدم دستیابی اورناقص تحقیقات کی روشنی میں سلمان خان کو 13 سال پرانے کیس میں بری کردیا۔ واضح رہے کہ بالی ووڈ سپراسٹار سلمان خان کے خلاف 2002 میں ہٹ اینڈ رن کیس دائرکیا گیا جس میں الزام عائد کیا گیا تھا
بالی ووڈ اسٹار نے نشے کی حالت میں اپنی گاڑی فٹ پاتھ پر چڑھادی تھی جس کی زد میں آکرایک شخص ہلاک اور 4 زخمی ہوگئے تھے جب کہ کیس کا اہم گواہ کمال خان عدالت کی طرف سے طلبی کے باوجود غائب گواہی دینے عدالت کے روبرو پیش نہیں ہوا۔