اسلام آباد (جیوڈیسک) پاکستان ریڈی میڈ گارمنٹس مینو فیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن (پریگما) کے زیر انتظام بھارتی شہر ممبئی میں ”میڈ ان پاکستان ایکسپو 2014ء“ اپریل میں منعقد ہو گی۔
پریگما ساؤتھ زون کے چیئرمین ارشد عزیز نے کہا ہے کہ نمائش کے انعقاد کا مقصد ملک میں تیار کئے جانے والے ملبوسات اور کپڑے کی برآمدات کا اضافہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پانچ روزہ نمائش کا آغاز 3 اپریل کو ہوگا جو 7 اپریل 2014ء تک جاری رہے گی۔
انہوں نے کہا کہ نمائش کے موقع پر بزنس ٹو کسٹمر اور بزنس ٹو بزنس میٹنگز کا بھی انتظام کیا جائے گا تا کہ ملکی برآمد کنندگان اس موقع پر بھرپور استفادہ کرسکیں۔
ارشد عزیز نے کہا کہ نمائش میں شرکت سے ملکی برآمد کنندگان اپنی برآمدات کو بڑھانے کیلئے نمایاں مدد حاصل کرسکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں بھی بھارت کے مختلف شہروں میں نمائشوں کا اہتمام کیا گیا تھا جن میں بھارتی عوام اور کمپنیوں نے گہری دلچسپی کا مظاہرہ کیا تھا۔