ممبئی (جیوڈیسک) بالی وڈ اداکارہ کترینہ کیف روہت شیٹھی کی نئی فلم میں اداکار شاہ رخ خان کی ہیروئن بنیں گی۔ اداکار شاہ رخ خان اور اداکارہ کترینہ کیف ماضی میں یش راج بینر تلے بننے والی فلم ’’جب تک ہے جان‘‘ میں بطور جوڑی جلوہ گر ہوچکے ہیں ایک بار پھر یہ جوڑی مداحوں کو محظوظ کرنے کے لیے پردہ اسکرین پر دکھائی دے گی۔ ذرائع کے مطابق فلمساز روہت شیٹھی نے اپنی نئی فلم ’’سنگھم ٹو‘ جو ’’سنگھم‘‘ کا سیکوئل ہوگی میں اداکار شاہ رخ خان کو بطور ہیرو لیا ہے۔ فلم میں ہیروئن کے کردار میں کترینہ کیف کو کاسٹ کرلیا گیا ہے۔ فلم کی عکس بندی کا آغاز جلد ہی ہو جائے گا۔
دوسری طرف کترینہ کیف اور رنبیر کپور کے معاشقہ کی خبریں بھی ہیں اور دونوں دو دن پہلے ہی اپنا یورپ کا دورہ ختم کر کے واپس پہنچے ہیں ساتھ ہی گزشتہ روز کترینہ کیف نے جن کا ایک عرصہ تک اداکار سلمان خان سے افیئر چلا جب رنبیر کپور کے ساتھ یورپ میں وقت گزارنے کے ساتھ واپس ممبئی پہنچی ہیں تو پتہ چلا ہے کہ ممبئی واپسی پر کترینہ کیف ایڈوائس اور مدد لینے کے لیے سلمان خان سے ملی ہیں جس سے شوبز حلقوں کا کہنا ہے کہ اس بات کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ کترینہ اور سلمان کے درمیان کیا چل رہا ہے۔
2003 ء میں فلم’’بوم‘‘ سے اپنے فلمی کیریئر کا آغاز کرنے والی اداکارہ نے اپنے بھر پور فلمی کیریئر میں بہت ساری کامیاب کمرشل فلمیں بھی دی ہیں جن میں 2005ء میں فلم ’’میں نے پیار کیوں کیا‘‘ پھر 2007ء میں نمستے لندن کامیاب فلمیں رہیں‘ بعد ازاں اداکارہ نے باکس آفس میں ہٹ ہونے والی کئی گلیمرس فلموں میں جاندار کردار نبھائے جن میں ’’اپنے‘‘ پھر ’’پارٹنر‘‘ اور ’’ویلکم‘‘ بھی شامل ہیں۔
2009 ء میں ڈرامیٹک فلم ’’نیویارک‘‘ کترینہ کے فلمی کیریئر کا اہم موڑ ثابت ہوئی جس میں جاندار کردار نبھا کر فلمی حلقوں سے خوب تعریف پائی اور اس فلم سے بیسٹ ایکٹریس کا فلم فیئر ایوارڈ بھی حاصل کیا۔ کترینہ کیف کی نئی آنے والی فلموں میں ’’بینگ بینگ‘‘ ہے جو رواں سال ہی ریلیز ہوگی جب کہ ’’فینٹم‘‘ اسی طرح ’’جگا جاسوس‘‘ اور ’’فتور‘‘ جس میں وہ فردوس کے نام سے اپنا کردار نبھا رہی ہیں‘ یہ فلمیں آئندہ سال 2015 ء میں سینما گھروں کی زینت بنیں گی۔