ممبئی (جیوڈیسک) ممبئی بھارتی پولیس نے ممبئی ریپ کیس میں مطلوب پانچویں شخص کو دارالحکومت دہلی سے گرفتار کر لیا۔ برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق ممبئی پولیس نے خاتون صحافی کے ساتھ اجتماعی زیادتی کے الزام میں مطلوب تمام پانچوں افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ آخری مشتبہ شخص کو دارالحکومت دہلی سے گرفتار کیا گیا ہے جسے ممبئی لایا جا رہا ہے۔ یہ اجتماعی ریپ کا واقعہ مبئی میں جمعرات کو پیش آیا تھا۔
اس سے قبل گرفتار کئے جانے والے تیسرے شخص کو اتوار کو مجسٹریٹ کے سامنے پیش کیا گیا تھا جبکہ پہلے سے گرفتار دو افراد حراست میں ہیں اور ان میں سے ایک ملزم کی عمر اٹھارہ سال سے کم ہے اس لیے ان کے خلاف نابالغوں کی عدالت میں مقدمہ چلایا جائے گا۔ پولیس نے بتایا کہ انھوں نے سب سے پہلے ایک 19 سالہ بے روزگار نوجوان کو جنوبی ممبئی کے علاقے سے جمعہ کو گرفتار کیا جبکہ دیگر دو افراد کو سنیچر کے روز گرفتار کیا گیا۔
واضع رہے کہ خاتون صحافی کے ساتھ شہر کے وسطی علاقے میں کپڑا بنانے والے ایک بند کارخانے میں حملہ کیا گیا تھا۔ وہ وہاں اپنے ایک ساتھی کے ساتھ فوٹو شوٹ کے لیے گئی تھیں۔ اس معاملے نے عوام میں غم و غصے کی لہر پیدا کر دی ہے۔ ممبئی اور بھارت کے دیگر شہروں میں سینکڑوں افراد نے مظاہرہ اور احتجاج کیا جبکہ متعدد افراد نے سوشل میڈیا کے ذریعے اس واقعے کے خلاف اپنے غصے کا اظہار کیا۔ ممبئی کے خاموش احتجاج میں فوٹو جرنلسٹوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس حملے کی شکار خاتون صحافی ہسپتال میں زیرِ علاج ہیں۔