ممتاز قادری کا مقدمہ فوجی عدالت میں گیا تو تاریخ ساز احتجاج ہو گا۔ شاہ اویس نورانی

کراچی : جمعیت علماء پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل شاہ محمد اویس نورانی صدیقی نے کہا کہ قانون تحفظ ناموس رسالت ۖ کو (نعوذ با للہ ) کالا قانون قرار دینے والے بد تر ین شخص کو کیفر کردار تک پہنچانے والے غازی ممتاز حسین قادری کا مقدمہ وفاقی شرعی عدالت میں سنا جائے اگر فوجی عدالت میں سماعت کے لیے گیا تو بانیان پاکستان کے پُر امن محب وطن ورثاء تاریخ ساز احتجاج کریں گے ۔ اس اہم معاملے پر 26جنوری بروز پیر دن 01:00بجے بیت رضوان پر تمام مذہبی اور سیاسی جماعتوں کا ہنگامی اجلاس بلایا جا رہا ہے ۔ انشاء اللہ اتوار کو تحفظ ناموس مصطفی ۖ ریلی میں آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پریس کلب میں 25جنوری کو جے یوپی کراچی ڈویژن کے تحت منعقد ہونے والی تحفظ ناموس مصطفی ریلی کے حوالے سے جے یو پی سندھ کے جنرل سیکریٹری علامہ شفیق احمد قادری ،کراچی ڈویژن کے صدر مفتی محمد غوث صابری ، ناظم اعلیٰ محمد مستقیم نورانی اور فدائیان ختم نبوت پاکستان کے مرکزی ناظم اعلیٰ مفتی عبد الحلیم ہزاروی کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کر تے ہوئے کیا۔ اس موقع پر جے یو پی سندھ کے سینئر نائب صدر عبد المجید اسماعیل نورانی ،مرکزی رہنما حلیم خان غوری ، عبد الرزاق سانگانی ، ATIسندھ کے ناظم محمد زبیر ہزاروی ، سید آغا گل قادری ، محمد وزیر رہبر و دیگر رہنما بھی موجود تھے ۔ شاہ اویس نورانی نے کہا کہ پاکستان یا بیرون پاکستان میں ناموس مصطفی ۖ پر جب بھی حملہ ہوگا تو شریعت مطہرہ کے واضح احکامات کی روشنی میں اکابرین اہلسنت کے نقش قدم پر چلتے ہوئے ان کے مقدس مشن مقام مصطفی ۖ کے تحفظ کے لیے جانوں کو قربان کر تے ہوئے میدان عمل میں کردار ادا کریں گے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستا ن اور بیرون پاکستان تحفظ مقام مصطفی ۖ کے لیے ادا کیا گیا قائد ملت اسلامیہ علامہ شاہ احمد نورانی صدیقی کا تاریخی ایمانی کردار ہمارے لیے مشعل راہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسلام کو بدنام کرنے میں کوئی کسر باقی نہ رکھنے کے باوجود یورپ اور امریکہ میں اسلام تیزی سے پھیل رہا ہے جس سے خائف ہو کر اسلام دشمن قوتوں نے پوری دنیا میں مسلمانوں کے خلاف غیر اعلانیہ صلیبی جنگ شروع کر رکھی ہے ۔ امت مسلمہ کی تر جمانی نہ کرنے پر مسلم حکمرانوں کے کردار کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے ۔ شاہ اویس نورانی نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف برادر اسلامی ملک ترکی کی ترقی سے متاثر ہونے کے ساتھ ساتھ وہاں کے سربراہ طیب اردگان کے جذبہ ایمانی سے بھی متاثر ہوں تو پاکستان کے غیور مسلمانوں کی تر جمانی عالمی سطح پر ہو سکے۔

پریس کانفرنس میں جے یوپی کراچی ڈویژن کے ناظم اعلیٰ محمد مستقیم نورانی نے کہا کہ 25جنوری بروز اتوار دن 03:00بجے درگاہ عالم شاہ بخاری جامع کلاتھ سے قائد ملت اسلامیہ علامہ نورانی کے فرزند اور جمعیت علماء پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل صاحبزادہ شاہ محمد اویس نورانی صدیقی اور علماء اہلسنت کی قیادت میں عظیم الشان تحفظ ناموس مصطفی ۖ ریلی پریس کلب کے لیے روانہ ہو گی جبکہ ریلی کے اختتام پر قائدین خطاب کریں گے۔

انہوں نے ریلی کی تیاریوں کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ کراچی کے چھ اضلاع سے ضلعی تنظیموں کی نگرانی میں غلامان مصطفی ۖ کے قافلے درگاہ عالم شاہ بخاری پہنچیں گے ۔ انتظامیہ پورے شہر میں امن و امان اور ٹریفک کی صورتحال کنٹرول کرنے کے لیے خصوصی اقدامات بھی کرے۔

JUP

JUP