اسلام آباد(جیوڈیسک) ترجمان پاک فوج نے جماعت اسلامی کے سربراہ کی جانب سے حکیم اللہ محسود کو شہید قرار دیئے جانے کے بیان کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ منور حسن نے سیاسی مفاد حاصل کرنے کیلئے نئی منطق ایجاد کی ہے۔ وہ اپنے بیان پر شہداء کے ورثا سے معافی مانگیں جبکہ جماعت اسلامی منور حسن کے بیان پر اپنی پوزیشن کلیئر کرے۔
ترجمان پاک فوج کی جانب سے جاری ہونے والے ایک اہم بیان میں کہا گیا ہے کہ شہداء اور ان کے اہلخانہ کو منور حسن سے توثیق کی ضرورت نہیں ہے۔ عوام جانتے ہیں کہ ریاست کے وفادار کون ہیں اور دشمن کون ہے۔
مولانا مودودی کی جماعت کے سربراہ کی جانب سے فوجیوں کیخلاف بیان توہین آمیز ہے۔ منور حسن کے بیان سے فوجیوں میں تشویش پائی جاتی ہے۔
اکثریت کی جانب سے منور حسن کے بیان کی مذمت کی گئی۔ اس قسم کے گمراہ کن اور ذاتی فائدے کیلئے دیئے گئے بیانات قابل تبصرہ نہیں ہوتے۔ امیر جماعت اسلامی کا بیان انتہائی تکلیف دہ ہے۔ توقع ہے کہ جماعت اسلامی اس بیان پر اپنی پارٹی پوزیشن واضع کرے گی۔