ایم کیو ایم کےقائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ حکیم اللہ محسود کو شہید قرار دے کرمنور حسن نے پاک فوج کی قربانیوں کی توہین کی ہے جبکہ پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سپریم کورٹ سے امیرجماعت اسلامی کے بیان پر ازخود نوٹس لینے کی اپیل کی ہے۔
آئی ایس پی آر کے موقف پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے الطاف حسین کا کہنا تھا کہ اٹھارہ کروڑ پاکستانی ہر مشکل وقت میں پاک فوج کے شانہ بشانہ ہونگے۔
سید منور حسن کے بیان پر پاک فوج کا واضح موقف عوامی جذبات کی ترجمانی ہے۔ آئی ایس پی آر کے ترجمان نے 18کروڑ پاکستانیوں کے دل جیت لئے ہیں۔
پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹرپر اپنے پیغام میں لکھا ہے امیر جماعت اسلامی کا بیان غداری پر مبنی ہے۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ امیر جماعت اسلامی مسلح افواج کے خلاف ہیں، ایسی جماعتوں کو درگزر نہیں کیا جا سکتا جو ریاست کے دشمنوں کی حمایت کرتی ہیں۔ بلاول بھٹو نے دیگر سیاسی جماعتوں سے بھی کہا کہ وہ آگے آئیں اور امیر جماعت اسلامی کے اس بیان کی مذمت کریں۔ انہوں نے سپریم کورٹ سے امیر جماعت اسلامی کے بیان پر ازخود نوٹس لینے کی اپیل کی ہے۔