منور حسن کے بیان کیخلاف سنی تحریک کے مظاہرے

Sunni Tehrik Rally

Sunni Tehrik Rally

لاہور (جیوڈیسک) پاکستان سنی تحریک کے سیکڑوں مظاہرین نے سید منور حسن کے خلاف مظاہرہ کیا اور ریلی نکالی۔ مظاہرین نے منور حسن کے خلاف بیانات پر مبنی بینرز اٹھا رکھے تھے اور وہ جماعت اسلامی کے خلاف نعرے بازی کر رہے تھے۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ منور حسن کا بیان قابل مذمت ہے۔ انہوں نے ہزاروں شہداء کے لواحقین کی دل آزاری کی۔ منور حسن کو جنت اور دوزخ کے سرٹیفیکیٹ جاری کرنے کا اختیار کس نے دیا۔ سید منور حسن کے بیان کیخلاف فیصل آباد میں بھی پاکستان سنی تحریک نے ریلی نکالی اور احتجاج کیا۔ ضلع کونسل چوک سے چوک گھنٹہ گھر تک نکالی جانے والی ریلی کے شرکاء نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر جماعت اسلامی کے خلاف نعرے درج تھے۔

سنی تحریک کی ریلی کی قیادت مقامی رہنماء کر رہے تھے۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے مقررین کا کہنا تھا کہ سید منور حسن اپنے بیان پر قوم سے معافی مانگیں۔ انہوں نے حکومت سے اپیل کی کہ جماعت اسلامی پر پابندی لگائی جائے۔

ملتان میں سنی تحریک کی جانب سے منور حسین کے بیان کے خلاف لودھی چوک پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرین نے جماعت اسلامی کے خلاف نعرہ بازی کرتے ہوئے اس پر پابندی لگانے کا مطالبہ کیا۔