منور مغل نے سال 2014 کیلئے ایف پی سی سی آئی کے نائب صدر کا چارج سنبھال لیا
Posted on February 13, 2014 By Majid Khan اسلام آباد
راولپنڈی: جڑواں شہر کی مشہور کاروباری شخصیت منور مغل نے سال 2014 کیلئے ایف پی سی سی آئی کے نائب صدر کا چارج سنبھال لیا۔اس بات کا اعلان وفاقی چیمبر میں منعقدہ سالانہ اجلاس عام میں کیا گیا۔منور مغل دسمبر 2013میں منعقدہ الیکشن میں ایف پی سی سی آئی کے نائب صدر منتخب ہوئے تھے جس کا اب باقائدہ اعلان کر دیا گیا ہے۔
وہ اس سے قبل کئی بار اسلام آباد چیمبر کے صدر اور فائونڈر گروپ کے چئیرمین رہ چکے ہیں جبکہ پاکستان ملیشیاء بزنس فورم اور سٹیزن جائنٹ ایکشن کمیٹی کے بھی چئیرمین ہیں اوراپنی خدمات کے صلہ میں صدر پاکستان سے طلائی تمغہ بھی وصول کر چکے ہیں۔اجلاس عام کے بعد منور مغل نے کاروباری برادری اور انکے رہنمائوں بشمول طارق سعید، ایس ایم منیر، افتخار ملک اور فائونڈر گروپ کے چئیرمین عبدالرئوف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ سب کے اعتماد پر پورا اترنے کی بھرپور کوشش کرینگے اور تاجروں کے مسائل کے حل میں ذاتی دلچسپی لینگے۔
انھوں نے کہا کہ حکومت پالیسیاں بناتے وقت اور اہم فیصلے کرتے ہوئے تاجرنمائندوں کو اعتماد میں لیں تاکہ اعتماد بحال ہو اور معاشی ترقی یقینی بنائی جا سکے۔ منور مغل نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں ملک کو مسائل سے نکالنے کے لئے تاجر برادری پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔
by Majid Khan
Nasir Mehmood - Chief Editor at GeoURDU.com