بلدیاتی ادارے عوامی سہولیات کے حوالے سے ہنگامی انتظامات ترتیب دیں۔نشاط ضیاء قادری

کراچی : حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے کہاکہ ہلکی بارش نے شہر کے نکاسی آب کے نظام کا پول کھول دیا شہر کی شاہراہیں اور ندرونی گلیاں تالاب میں تبدیل ہوگئیں اگر نکاسی آب کے نظام پر توجہ نہ دی گئی تو تیز بارش کی صورت میں شہر سانحات سے دو چار ہوسکتا ہے انہوںنے گلیوں اور محلوں سے برساتی پانی کی عدم نکاسی پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے بلدیاتی اداروں اور واٹر اینڈ سیوریج بورڈ حکام کو ہدایت کی ہے کہ نکاسی آب کے نظام کی بہتری کے لئے برساتی نالوں اور سیوریج لائنوں کی صفائی کو یقینی بنائی جائے۔

متوقع برسات کے پیش نظر عوامی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے ہنگامی انتظامات ترتیب دیئے جائیں ان خیالات کا اظہار رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے بارش کے بعد عوام کو درپیش علاقائی مسائل کے جائزے کے لئے اپنے حلقہ انتخاب کا تفصیلی دورہ کرتے ہوئے کیا اس موقع پر انہوں نے مختلف علاقوں میں عوام سے ملاقات کی اور اُن سے برسات کے بعد پیدا ہونے والے علاقائی مسائل پر تبادلہ خیال کیا اس موقع پر نشاط محمد ضیاء قادری نے کہاکہ حق پرست قیادت نے اپنے دور میں شہر میں فراہمی و نکاسی آب کا مثالی نظام قائم کیا تھا جسے عدم دیکھ بھال کی وجہ سے ناکارہ بنا دیا گیا ہے اور شہری پینے کے صاف پانی کی دستیابی اور سیوریج کے ناقص نظام کی کی وجہ سے شدید مسائل کا شکار ہیں اگر اداروں کی جانب سے نکاسی آب کا نظام درست نہیں بنا یا گیا تو مزید برسات کی صورت میں عوام کو سانحات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے بلدیاتی اداروں کو ہدایت کی کہ برساتی نالوں کی صفائی کو یقینی بنا یا جائے اور علاقائی سطح پر برسات کے بعد پیدا ہونے والے علاقائی مسائل سے عوام کو نجات دلا یا جائے اور صاف ستھرا صحت مند ماحول کے حوالے سے اقدامات کئے جائیں۔