کراچی : میونسپل کمشنر بلدیہ کورنگی مسرور میمن نے کہا ہے کہ عشرہ محرم الحرام کے دوران عزدران حسین کو ہر ممکن بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کے لئے شب روز کوشاں ہیں مساجد و امام بارگاہوں اور عشرہ محرم الحرام کے دوران برآمد ہونے والے جلوسوں کے روٹس پر صفائی وستھرائی اور روشنی کے انتظامات کی بہتری کے ساتھ سڑکوں کی استرکاری اور تعمیر و مرمت کا کام جاری ہے۔
ان خیالات کا اظہار میونسپل کمشنر بلدیہ کورنگی مسرور میمن نے سپرٹنڈنگ انجینئر بلدیہ کورنگی پریم چند اور فوکل پرسن شاہ فیصل زون اسلم پرویز کے ہمراہ شاہ فیصل کالونی نمبر5سمیت مختلف علاقوں کا دورہ کرکے عشرہ محرم الحرام کے حوالے سے بلدیہ کورنگی کے تحت جاری انتظامات اور جلوسوں کے روٹس پر سڑکوں کی استرکاری کے حوالے سے جاری ترقیاتی کاموں کا معائنہ کرتے ہوئے ،جلوسوں کے روٹس پر جاری روڈ کارپیٹنگ کے کام کا معائنہ کرتے ہوئے میونسپل کمشنر بلدیہ کورنگی مسرور میمن نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ جاری کاموں کو برق رفتاری کے ساتھ وت مقررہ پر مکمل کیا جائے۔
بعد ازاں شاہ فیصل کالونی میں عشرہ محرم الحرام کے دوران برآمد ہونے والے جلوسوں کے روٹس پر جاری بلدیاتی انتظامات کا معائنہ کرتے ہوئے اطمینان کا اظہار کیا اور بلدیہ کورنگی کے تمام ڈیپارٹمنٹ کو ہدایت کی کہ میونسپل سروسز کی فراہمی میں کسی بھی قسم کی غفلت اور لاپراہی کا قطعی مظاہرہ نہ کیا جائے۔جلوسوں کے روٹس پر صفائی وستھرائی کے عمل کو مستقل بنیادوں پر جاری رکھا جائے اور تمام تر تجاوزات اور رکاوٹوں کا فوری خاتمہ کیا جائے۔
دورے کے موقع پر میونسپل کمشنر مسرور میمن کو شاہ فیصل زون میں بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے جاری انتظامات پر فوکل پرسن شاہ فیصل زون اسلم پرویز نے تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ تمام تر انتظامات منتظمین کی باہمی مشاورت کے ساتھ انجام دیئے جارہے ہیں امام بارگاہوں اور جلوسوں کے روٹس پر انتظامات مکمل نگرانی میں انجام دیئے جارہے ہیں۔