کراچی (جیوڈیسک) وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ بلدیاتی انتخابات 23 فروری کوکرائے جاسکتے ہیں، تاہم یہ تاریخ حتمی نہیں ہے، اس حوالے سے تاریخوں پر مشاورت جاری ہے۔
ہماری کوشش ہے کہ تمام معاملات قانونی مشاوت سے حل کیے جائیں، ایس پی چوہدری اسلم بہادر آفیسر تھے، دھمکیوں کے باوجود لڑتے رہے، ان کے قاتلوں کو جلد گرفتار کر لیں گے، چوہدری اسلم کی شہادت سے کراچی میں جاری ٹارگٹڈ آپریشن پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔
کراچی کے شہریوں کی جان ومال کی حفاظت سندھ حکومت کی ذمے داری ہے، کراچی میں امن وامان کی بحالی کے لیے کوششیں جاری ہیں، جلد کراچی کا اصل چہرہ عوام کے سامنے لائیں گے، وہ جمعے کو آرٹس کونسل کراچی کے نو منتخب عہدیداروں کی حلف برداری کی تقریب سے خطاب اور بعد ازاں میڈیا سے بات چیت کررہے تھے۔
دریں اثنا وزیر اعلی سندھ سید قائم علی شاہ نے جمعے کی شام گورنر ہائوس میں گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد سے ملاقات کی جس میں کراچی اور صوبے میں امن وامان کے قیام کی صورتحال اور 12 ربیع الاول کے حوالے سے کیے گئے اقدامات اور جاری ترقیاتی منصوبوں سے متعلق تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں رہنمائوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کراچی اور صوبے کو دہشت گردوں اور جرائم پیشہ افراد سے ہر صورت پاک کیا جائے گا۔