مصطفی آباد/للیانی : ن لیگ بلدیاتی الیکشن سے راہ فرار چاہتی ہے، ن لیگ کے اندرونی اختلافات کا شکار ہو چکی ہے جس کی وجہ سے عوامی مسائل حل نہیں ہو رہے ۔ عوام کو جلد ہی ن لیگ سے چھٹکارہ مل جائے گا۔ بلدیاتی الیکشن میں سب سے بڑی رکاوٹ ن لیگ کے ایم پی ایز اور ایم این ایز ہیں جو نہیں چاہتے کہ ان کے اختیارات نچلی سطح تک جائیں۔ کیونکہ اگر بلدیاتی الیکشن ہو گئے تو ن لیگ کے ایم پی ایز اور ایم این ایز کے فنڈز محدود ہو جائیں گے اور عوام اپنے مسا ئل کے حل کیلئے ان کے دروازے پر جانے کی بجائے اپنے بلدیاتی الیکشن میں منتخب نمائندوں کے پاس جائیں گے اور ان کی اجاراہ داری ختم ہو جائے گی۔
ان خیالات کا اظہار سنیئر رہنما تحریک انصاف حاجی سیف اللہ طاہر مغل نے مصطفی آباد میں صحافیوں کو دئیے گئے ایک خصوصی انٹرویو کے دوران کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ تحریک انصاف ضلع قصور نے بلدیاتی الیکشن کے حوالے سے اپنی ٹیم ورک مکمل کر لیا ہے۔ تحریک انصاف ن لیگ کو ٹف ٹائم دینے کیلئے پر عزم ہے۔ تحریک انصاف قصور میں بلدیاتی الیکشن میں کلین سویپ کرے گی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ایمنسٹی انٹرنیشنل رپورٹ نے پاکستان میں ڈرون حملوں کے ذریعے قتل عام پر امریکہ کو ذمہ دار ٹھہرایا ہے، تحریک انصاف کا دیرینہ مطالبہ ہے کہ ڈرون حملوں کے نتیجے میں غیر قانونی ہلاکتوں کو جنگی جرائم میں شامل کیا جائے۔ تحریک انصاف تسلسل کے ساتھ ڈرون حملوں کو پاکستان کی خودمختاری ، بین الاقوامی قوانین اور انسانی حقوق کی خلاف ورزی قرار دیتی رہی ہے۔
تمام سیاسی جماعتوں نے وفاقی حکومت کو فاٹا میں ڈرون حملے رکوانے کا اختیار دیا ہے جبکہ مسلم لیگ (ن) نے انتخابی مہم کے دوران بھی قوم سے ایسا کرنے کا وعدہ کیا تھا چنانچہ وقت آن پہنچا ہے اے پی سی کی سفارشات پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور حکومت کی جانب سے قوم سے کئے گئے وعدوں کو پورا کیا جائے۔