کراچی (جیوڈیسک) کراچی مسلم لیگ فنکشنل کے جنرل سیکریٹری امتیاز شیخ کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت کی جانب سے اپنی مرضی سے حلقہ بندیاں بلدیاتی انتخابات سے قبل دھاندلی کے مترادف ہے، لیکن میدان خالی نہیں چھوڑیں گے۔ کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مسلم لیگ فنکشنل کے جنرل سیکریٹری امتیاز شیخ کا کہنا تھا کہ پارٹی کارکنان اور عہدیداروں کو بلدیاتی انتخابات کی بھرپور تیاریاں کرنے کی ہدایت دے دی گئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ صوبے میں اپنی مرضی سے حلقہ بندیاں کر کے پیپلز پارٹی بلدیاتی انتخابات پر ڈاکا مارنے کی تیاری کر رہی ہے لیکن تمام تر زیادتیوں کے باوجود ان کی جماعت انتخابات میں بھر پور حصہ لے گی۔ امتیاز شیخ کہنا تھا کہ سندھ میں امن و امان کی صورت حال کنٹرول کرنا وزیر اعلی سندھ کے بس کی بات نہیں۔
جو کپتان لیاری کو نہ سنبھال سکے وہ سندھ کو کیا سنبھالے گا۔ امتیاز شیخ کا کہنا تھا کہ بلدیاتی انتخابات کے لیے مقا می سطح پر اتحاد کرنے پر پارٹی کی جانب سے کوئی پابندی نہیں ہے، تاہم کسی بھی اتحاد کا حتمی فیصلہ پارٹی قیادت کرے گی۔