ملتان (جیوڈیسک) سابق وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ بلوچستان میں بلدیاتی انتخابات کے دوران لوگوں کا ووٹ کے لیے نہ نکلنا سیاسی جماعتوں پر عدم اعتماد ہے۔
سابق سینٹر ملک صلاح الدین ڈوگر کی پہلی برسی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں خواتین کو ووٹ نہیں ڈالنے دیا گیا جس پر الیکشن کمیشن کو نوٹس لینا چاہئے۔
سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات سے پہلے ہی حکومت نے اپنی مرضی کی حلقہ بندیاں کیں جو کہ پری پول ریگینگ ہے۔ یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ اگر بلدیاتی انتخابات شفاف ہوئے تو پاکستان پیپلز پارٹی واضح اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ بیس سے بائیس ارب روپے میں کوئی قرضہ سکیم نہیں شروع کی جا سکتی ہے جب ن لیگ لیپ ٹاپ دے رہی تھی تب ہماری حکومت نے 22 ارب کی لاگت سے براڈ بینڈ دیا تھا۔