اسلام آباد (جیوڈیسک) الیکشن کمیشن نے بلدیاتی انتخابات کے لئے انتخابی فہرستوں کی تیاری کی ذمہ داری صوبوں کو دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے چاروں صوبوں کے چیف سیکریٹریوں کو خط لکھا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ صوبے نئی حلقہ بندیوں کے مطابق انتخابی فہرستیں تیار کریں اور صوبوں سے فہرستیں ملنے کے بعد نادرا سے ان کی چھپائی کرائی جائے گی۔ واضح رہے کہ سپریم کورٹ کی جانب سے بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں کے لئے 4 ماہ کی مہلت دینے کی استدعا مسترد کئے جانے کے بعد الیکشن کمیشن مقررہ تاریخوں میں ہی بلدیاتی انتخابات کرانے کا پابند تھا لیکن کم وقت ہونے کی وجہ سے اسے بیلٹ پیپرز کی چھپائی اور مقناطیسی سیاہی کے انتظامات میں مشکلات کا سامنا ہے۔
الیکشن کمیشن نے بلدیاتی انتخابات کا مجوزہ شیڈول تیار کر لیا ہے۔ مجوزہ شیڈول کے مطابق سندھ میں بلدیاتی انتخابات ستائیس نومبر کو ہوں گے۔ کاغذات نامزدگی گیارہ اور بارہ نومبر کو وصول کیے جائیں گے۔ کاغذات نامزدگی کی سکروٹنی اٹھارہ اور انیس نومبر کو کی جائے گی جبکہ ریٹرننگ افسروں کے فیصلے کے خلاف اپیلیں بائیس اور تئیس نومبر کو سنی جائیں گی۔ مجوزہ شیڈول کے مطابق کاغذات نامزدگی کی واپسی چوبیس نومبر تک ہو سکے گی۔ انتخابی مہم کے لیے صرف دو روز دیے جائیں گے۔
مجوزہ شیڈول کے مطابق پنجاب میں بلدیاتی انتخابات سات دسمبر کو ہوں گے۔ کاغذات نامزدگی گیارہ اور بارہ نومبر کو وصول کیے جائیں گے۔ کاغذات نامزدگی کی سکروٹنی اٹھارہ، انیس اور بیس نومبر کو ہو گی جبکہ ریٹرننگ افسروں کے فیصلے کے خلاف اپیلیں بائیس، تئیس اور چوبیس نومبر کو سنی جائیں گی۔ مجوزہ شیڈول کے مطابق کاغذات نامزدگی کی واپسی پچیس نومبر تک ہو سکے گی اور امیدواروں کی حتمی فہرست ستائیس نومبر کو جاری کر دی جائیں گی۔