فیصل آباد: مسلم لیگ ن کے صوبائی رہنما انجمن تاجران منٹگمری بازار کے صدر حافظ محمد طاہر جمیل میاں نے کہا ہے کہ بلدیاتی انتخابات سر پر آگئے ہیں مگر تاحال حکومت نے ودہولڈنگ ٹیکس واپس نہیں لیا جس کے باعث ملک کے سب سے معتبر طبقہ تاجر برادری کو شدید کرب او رپریشانی کا سامنا ہے اگر 31 اکتوبر سے قبل حکومت نے یہ نا سور واپس نہ لیا تو بلدیاتی انتخابات میں مسلم لیگ ن کو بھارتی قیمت دینا پڑ جائیگی۔
انہوں نے کہا ہے کہ تاجر برادری دو ملک گیر جبکہ چار ریجنل ہڑتالیں کرچکی ہے جس کے قومی خزانے کو اربوں روپے کا نقصان ہوا ہے مگر بجائے اس کا نوٹس لیا جاتا ہے وفاقی وزیر خزانہ اب سیدھی دھمکیاں لگا رہے ہیں جس پر صرف افسوس ہی کیا جاسکتا ہے انہوں نے کہا ہے کہ فائلرز اور نان فائلرز میں فرق نہ رکھ کر حکومت جو روایت ڈالنے کی کوشش کررہی ہے اس کے اچھے نتائج نکلنے کی کوئی امید نہیں ہے پہلے ہی اپوزیشن نے حکومت کے خلاف چاروں اطراف سے محاز کھول رکھے ہیں۔
اب وزیر خزانہ کی خواہش ہے کہ تاجربرادری بھی اپوزیشن کے نقش قدم پر چلے تو و ہ یاد رکھیں اپوزیشن بڑھکیں مارتی ہے جبکہ تاجر جب سڑکوں پر نکل آتے ہیں تو معیشت کا پہیہ جام ہو جاتا ہے لہذا وزیر اعظم خود اس معاملے کا نوٹس لیں اور خود میدان عمل میں نکلیں ‘یادرہے کہ بلدیاتی انتخابات کیلئے پولنگ میں صرف ڈیڑھ ماہ کا قلیل عرصہ باقی ہے اس لئے ان45دنوں کے اندر اندر کوئی فیصلہ کرلیا جائے تو بہتر ہے ورنہ مسلم لیگ ن بھی پیپلز پارٹی کی طرح برے انجام کیلئے تیار رہے۔