لاہور (جیوڈیسک) جماعت اسلامی پاکستان کے سیکریٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ بلدیاتی انتخابات ناگزیر ہیں، صوبائی حکومتیں بلاجواز تاخیر کر رہی ہیں۔ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کا ہدف یہی نظر آتاہے کہ چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری منصب سے رخصت ہو جائیں تو بعد میں من مانی کریں گے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے لاہور میں کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ پاکستان میں دہشت گردی، تخریب کاری گریٹ گیم اور منظم منصوبہ کا حصہ ہے۔
ماسٹر پلان کے تحت فوجی، سویلین آبادیوں، مساجد، امام بارگاہوں، مدارس، علما، ذاکرین، زائرین، مزارات کو ہدف بنایا جاتاہے تاکہ پاکستان غیر مستحکم اور ناکام ریاست ثابت کر دیا جائے۔ امریکا بھارت دہشت گردی سوچے سمجھے منصوبہ کے ساتھ کرا رہے ہیں۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ ملک میں اخلاقی، تہذیبی، ثقافتی اور معاشرتی بحران اور زوال پوری شدت سے بڑھایا جارہاہے۔