لاہور (جیوڈیسک) تحریک انصاف نے مہنگائی کے خلاف احتجاج کا اعلان اور بلدیاتی انتخابات عدلیہ کی نگرانی میں کرانے کا مطالبہ کر دیا، عمران خان کہتے ہیں کہ پنجاب حکومت شفاف انتخابات کرانے سے ڈر گئی ہے، ڈی سی اوز کو ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر بنا دیا گیا ہے۔
زمان پارک لاہور میں اپنی رہائش گا پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت کو بہت سے مواقع فراہم کیے، بلیک منی کو وائٹ کر کے غریبوں کا جینا مشکل کیا جا رہا ہے۔
پارٹی کا فرض ہے عوام کی نمائندگی کرے، عمران خان نے اعلان کیا کہ 22 دسمبر کو مہنگائی کے خلاف احتجاج کریں گے، احتجاج میں سید منور حسن اور شیخ رشید بھی شرکت کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات سے متعلق عدلیہ سے رجوع کریں گے پیر کو سپریم کورٹ جاؤں گا۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ الیکشن ٹربیونلز نے انصاف فراہم نہیں کیا، انتخابی دھاندلیوں کے خلاف چیف جسٹس کے پاس بھی گئے تھے۔ 4 حلقوں کا احتساب ہو جائے تو سارا فراڈ سامنے آ جائے گا۔
ڈی سی اوز کہتے پھر رہے ہیں۔ آپ نے (ن) لیگ کو جتوانا ہے، پنجاب میں انتخابات شفاف ہوئے ہیں تو حکومت کو کس بات کا ڈر ہے۔ انتخابات ماضی جیسے کرانے ہیں تو کوئی فائدہ نہیں، ان کا کہنا تھا کہ ملک میں آزاد عدلیہ اور میڈیا موجود ہے، الیکٹرانک ووٹنگ کے ہوتے ہوئے دھاندلی نہیں ہو سکتی۔