وزیرآباد (تحصیل رپورٹر) بلدیاتی انتخابات کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کروانے والے امیدواروں نے بڑی تعداد میں ریٹرننگ افسران کے دفاتر کا رخ کرلیا ہے، مسلم لیگ(ن) کے ایم این اے جسٹس افتخار احمد چیمہ کی طرف سے حمایت یافتہ یونین کونسل گھکا میتر کے امیدوار برائے چیئرمین میاں اقبال ، وائس چیئرمین عدنان شکر گورائیہ اور حاجی یونس نے معروف سماجی شخصیت محمد رفیق بھٹہ کے ہمراہ ریٹرننگ افسر جنید بشیر سرویا کے آفس میں کاغذات جمع کروائے بلدیاتی امیدواروں کے حمایتیوں کی بڑی تعداد ان کے ساتھ تھی۔
کاغذات نامزدگی جمع کروانے امیدواروں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ منتخب ہونے کے بعد اپنے علاقوں کی تعمیر وترقی اور عوامی فلاح وبہبود کیلئے اہم اقدامات اٹھائیں گے۔بلدیاتی انتخابات کیلئے فیز ٹو میں ضلع گوجرانوالہ بھی شامل ہے جہاں بلدیاتی انتخابات میں حصہ لینے کے خواہشمند افرادکیلئے کاغذات نامزدگی جمع کروانے کی آخری تاریخ17ستمبرہے جبکہ جمع کروائی گئی درخواستوں پر سکروٹنی کا عمل26ستمبر سے یکم اکتوبر تک اور پولنگ 19نومبر کو ہوگی۔
میونسپل کمیٹی وزیرآباد کے 35وارڈز میں ہونے والے انتخابات کیلئے سینکڑوں امیدواروں نے کاغذات جمع کروادیئے ہیں۔ بلدیاتی انتخابات کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کروانے والے افراد کے ڈیرے آباد ہونا شروع ہوگئے ہیں جہاں حلقہ کی عوام کی خوب آئو بھگت کی جارہی ہے۔