بلدیاتی انتخابات : پیپلز پارٹی، تحریک انصاف اور جماعت اسلامی کا اتحاد

Lahore

Lahore

لاہور (جیوڈیسک) مسلم لیگ نواز کے خلاف پنجاب میں پیپلز پارٹی، تحریک انصاف، جماعت اسلامی اور مسلم لیگ قائد اعظم نے مل کر بلدیاتی الیکشن لڑنے کا اعلان کر دیا۔ اس حوالے سے مشترکہ حکمت عملی جلد تیار کی جائے گی۔ لاہور میں منظور وٹو، اعجاز چوہدری، خورشید قصوری اور امیر العظیم نے مشترکہ پریس کانفرنس کی۔ اپوزیشن جماعتوں کے اجلاس کے بعد پیپلز پارٹی کے رہنما میاں منظور وٹو نے ذرائع سے گفتگو میں کہا کہ لوکل باڈی ایکٹ تمام جماعتوں نے چیلنج کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

یہ سب جمہوریت اور اداروں کیساتھ مذاق ہے۔ میٹروپولٹین کے تمام اختیارات حکومت کے پاس رہیں گے۔ اپوزیشن جماعتیں الیکشن کمیشن کو ذمہ داریاں پوری کرنے کیلئے خط بھی لکھیں گی۔ پٹرول، ڈیزل کی قیمتوں نے عوام کی کمر توڑ دی ہے۔ بلدیاتی انتخابات ہم تمام جماعتیں مل کر لڑیں گی۔

اورسیٹ ایڈجسٹمنٹ بھی کرینگے تاکہ عوام کا لہو چوسنے والی حکومت کو جلد چلتا کریں۔ یہی وجہ ہے کہ پیپلز پارٹی، تحریک انصاف، جماعت اسلامی اور مسلم لیگ (ق) نے مل کر پنجاب میں بلدیاتی الیکشن لڑنے کا اعلان کیا۔ نواز لیگ کے خلاف بلدیاتی انتخابات میں مشترکہ حکمت عملی اختیار کی جائے گی۔ اپوزیشن کی چاروں جماعتوں نے واضح کیا کہ انہیں غیر جماعتی بنیادوں پر بلدیاتی انتخابات قبول نہیں۔