لاہور : امیر جماعت اسلامی لاہور میاں مقصود احمد نے کہا ہے کہ ہم نے بلدیاتی انتخابات میں باکردار اور جذبہ خدمت خلق رکھنے والوں کو میدان میں اُتارا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز دفتر جماعت میں تنظیمی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ بلدیاتی ادارے عوامی مسائل کو عوام کی دہلیز پر حل کرنے کا موقع فراہم کرتے ہیں۔
ہم بلدیاتی انتخابات کے لیے اپنی تیاری مکمل کرچکے ہیںاب تمام کارکنان اپنی تمام توانائیاں صرف کریں اور گھر گھر جاکر لوگوں کو جماعت اسلامی کے منشور سے آگاہ کریں ۔ انھوں نے کہا کہ جماعت اسلامی بدامنی،بے روزگاری، غربت اور افلاس کے خلاف جدوجہد جاری رکھے گی۔ لاہور شہر مسائلستان بن چکا ہے۔ منتخب نمائندے غائب اور بیوروکریٹ اپنی سیاست چمکانے اور اقتدار بچانے کے لیے سب کچھ کرتے ہیں لیکن غریب کے مسائل کے لیے ان کے پاس ٹائم نہیں ہوتا ۔ غریب عوام بجلی کی لوڈشیڈنگ ،صاف پانی ،نکاسی سسٹم کے لے پریشان ہیں ۔جگہ جگہ شہر میں گندے پانی کے تالاب منتخب نمائندوں کے منہ پر طمانچوں کی طرح موجود ہیں۔
انھوں نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن انتخابات کو صاف شفاف اور غیر جانبدارانہ بنانے کے لیے تمام وسائل استعمال کرے اور تمام قوانین پر عملدر آمدکر وائے ورنہ عام انتخابات کی طرح بلدیاتی انتخابات کے بعد الیکشن کمیشن پر تنقید ہو گی انھوں نے مزید کہا کہ ہم انتخابات کے ذریعے ہی معاشرے کے اندر مثبت تبدیلی کے خواہاں ہیں اور انتخابات ہی تبدیلی کا واحد راستہ ہیںلیکن انتخابات کے اس سسٹم کو درست ہونا چاہیے۔ اس سسٹم میں پائی جانے والی خرابیوں کی اصلاح چاہتے ہیں۔