اسلام آباد (یاسر رفیق) وفاقی دارالحکومت میں تاریخ کے پہلے بلدیاتی انتخابات میں مسلم لیگ (ن) 21 نشتوں کے ساتھ پہلے، تحریک انصاف 15 نشستوں کے حاصل کرکے دوسرے اور 14 آزاد امیدوار کامیاب ہیں جب کہ شہراقتدار میں میئرلانے کے لئے دونوں جماعتوں کے درمیان ٹھن گئی ہے۔
وفاقی دارالحکومت میں کل ہونے والے انتخابات میں چیئرمین کی 50 نشستوں میں سے حکمراں جماعت مسلم لیگ (ن) 21 نشستوں کے ساتھ سرفہرست ہے جب کہ تحریک انصاف 15 نشستوں کے ساتھ دوسرے اور کامیاب ہونے والے 14 آزاد امیدوار ہیں۔ شہراقتدارمیں میئر لانے کے لئے مسلم لیگ (ن) اور تحریک انصاف نے کوششیں تیزکردیں اور دونوں جماعتوں کا انحصار آزاد امیدواروں پر ہوگا۔ اسی سلسلے میں تحریک انصاف نے اپنا میئرشپ پر حکمت عملی طے کرنے کے لئے مرکزی دفتر میں اجلاس طلب کرلیا۔
ترجمان تحریک انصاف کے مطابق سینئررہنما اور رکن قومی اسمبلی اسد عمر کی زیرصدارت مرکزی دفتر میں اجلاس ہوگا جس میں نومنتخب چیئرمین اور وائس چیئرمین شرکت کریں گے جب کہ اس موقع پر شہراقتدار میں میئرشپ کے لئے حکمت عملی طے کرتے ہوئے آزاد امیدواروں کو تحریک انصاف میں شمولیت کی دعوت دی جائے گی۔
دوسری جانب بلدیاتی انتخابات میں برتری حاصل کرنے والی حکمراں جماعت مسلم لیگ (ن) نے بھی شہراقتدار میں اپنا میئر لانے کے لئے کوششیں تیز کردیں اور غالب امکان ہے کہ آزاد امیدواروں کی بڑی تعداد (ن) لیگ میں ہی شامل ہوگی۔