کراچی : حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے کہا ہے کہ یوم علی کے موقع پر عزاداروں کو ہر ممکن سہولیات کی فراہمی کے لئے ادارے باہمی تعاون کے ذریعے اقدامات کرتے ہوئے بلدیاتی سہولیات اور حفاظتی انتظامات کے حوالے سے فول پروف انتظامات کریں ،امام بارگاہوں اور یوم علی کے موقع پر برآمد ہونیو الے جلوسوں کے روٹس پر صفائی وستھرائی روشنی کے انتظامات کی بہتری اور تجاوزات و رکاوٹوں کے خاتمے اور واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کو فراہمی و نکاسی آب کے نظام کی بہتری کی ہدایت کی ان خیالات کا اظہار رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے علاقائی مسائل کے حوالے سے عوامی شکایات کے جائزے کے لئے شاہ فیصل کالونی کے مختلف علاقوں کے اچانک دورے کے موقع پر متعلقہ افسران کو ہدایت دیتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر مختلف علاقوں میں عوامی وفود سے ملاقات کی اور اُن سے علاقائی مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا اور موقع پر موجود افسران کو عوام کی جانب سے پیش کئے گئے علاقائی مسائل کا فوری تدارک کرنے کے احکامات دیئے ۔حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے واٹر اینڈ سیوریج بورڈ اور بلدیاتی افسران کو ہدایت کی کہ علاقائی سطح پر بنیادی مسائل کے حوالے سے بڑھتی ہوئی شکایات کے ازالے کے لئے فوری اقدامات کرکے عوام کو سہولت پہنچائی جائے بعد ازاں شاہ فیصل کالونی کے مختلف امام بارگاہوں اور یوم علی کے موقع پر شاہ فیصل کالونی میں برآمد ہونے والے جلوسوں کے روٹس کا معائنہ کرتے ہوئے بلدیاتی افسران کو ہدایت کی کہ یوم علی کے موقع پر سہولیات کے حوالے سے تمام تر انتظامات منتظمین کے باہمی مشاورت کے ساتھ انجام دیا جائے۔