بلدیاتی مسائل کے حوالے سے عوامی شکایات کے لئے شکایتی مراکز کو فعال بنایا جائے۔نشاط ضیاء قادری
Posted on December 27, 2013 By Majid Khan کراچی
کراچی : حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری کا ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی غلام رسول کے ہمراہ شاہ فیصل کالونی کا تفصیلی دورہ عوام کو درپیش بلدیاتی مسائل اور سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے شاہ فیصل زون بلدیہ کورنگی کی جانب سے جاری انتظامات کا معائنہ کرتے ہوئے رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے کہا کہ مالی دشواریوں کی وجہ سے بلدیاتی ادارے علاقائی ترقیاتی امور کی انجام دہی سے قاصر ہیں جس کی وجہ سے علاقائی سطح پر عوام مشکلات کا شکار ہیں انہوں نے بلدیاتی افسران کو ہدایت کی ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کرتے ہوئے عوام کے بنیادی مسائل کے حل کو یقینی بنا ئیں عوامی شکایات کے فوری ازالے کے لئے شکایاتی مراکز کو فعال بنایا جائے۔
حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط ضیاء قادری نے علاقائی دورے پر عوامی وفود سے بھی ملاقات کی اور علاقائی مسائل اور بلدیاتی ادارے کی جانب سے سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے انتظامات پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ صفائی وستھرائی اور علاقائی ترقی کو قائم و دائم رکھنے کے لئے بلدیاتی اداروں سے تعاون کریں تاکہ باہمی تعاون کے ذریعے علاقائی ترقی اور مسائل سے پاک ماحول کا قیام یقینی بنا یا جاسکے اس موقع پر ایڈمنسٹریٹربلدیہ کورنگی غلام رسول نے کہاکہ ہم اپنے محدود وسائل کو بروئے کار لاکر عوام کی لاتعداد مسائل کے حل کو یقینی بنانے پر گامزن ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ضلع کورنگی کے تمام زونز لانڈھی، کورنگی اور شاہ فیصل زون میں شکایاتی مراکز کو فعال بنایا جا رہا ہے اور اس کے ساتھ عوام کے روز مرہ مسائل صفائی وستھرائی اور انسداد ڈینگی کے حوالے سے جراثیم کش ادویات کے اسپرے کے حوالے سے مہم تواتر کے ساتھ جاری ہے ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی غلام رسول نے عوام کو یقین دلایا کہ بلدیاتی مسائل سے عوام کو نجات اور سہولیات عوام کی دہلیز تک فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے اور انشا اللہ عوامی تعاون کے کے ذریعے ضلع کورنگی کے تمام زونز میں عوام کو مسائل سے پاک ماحول کی فراہمی کو یقینی بنائیں گے۔
by Majid Khan
Nasir Mehmood - Chief Editor at GeoURDU.com