پشاور (جیوڈیسک) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے بلدیاتی انتخابات میں التوا کا ذمہ دار الیکشن کمشن کو ٹھہرا دیا ، کہتے ہیں خیبر پختونخواہ میں بلدیاتی حلقہ بندیوں کا کوئی مسئلہ نہیں ، الیکشن کمیشن کو اپنے فرائض کی انجام دہی میں ناکامی کا سامنا ہے۔
پی ٹی آئی چیئرمین عمران نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا حکومت صوبے میں بلدیاتی انتخابات پندرہ نومبر تک کرانے کو تیار ہے ، کے پی کے میں بلدیاتی حلقہ بندیوں کا کوئی مسئلہ نہیں ، خیبر پختونخوا کو آئندہ ماہ بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کی اجازت دی جائے۔
عمران خان کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن صوبے میں بلدیاتی انتخابات بائیو میٹرک سسٹم کے تحت کرانے کی اجازت سے کیوں کترا رہا ہے۔ صرف ایک تحصیل میں الیکٹرانک ووٹنگ ناقابل فہم ہے۔ چیئرمین تحریک انصاف کے مطابق الیکشن کمیشن کو شفاف انتخابات کے حوالے سے اپنے فرائض انجام دینے میں مسلسل ناکامی کا سامنا ہے۔
الیکشن کمیشن این اے ایک سو بائیس میں ووٹوں کی جانچ کا معاملہ لٹکانے میں ایاز صادق کی معاونت کا مرتکب بھی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ الیکشن کمیشن میں موجود تمام کمشنر فوری طور پر مستعفی ہوں اور حقیقی معنوں میں آزاد الیکشن کمیشن بنایا جائے۔ عمران خان کا کہنا ہے کہ شفاف انتخابات کے ذریعے جمہوریت کے استحکام کیلئے جدوجہد جاری رہے گی۔